احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے درمیان نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر الٹ گیا ،ْ آگ لگنے سے 130افراد جاں بحق ،ْ 100زخمی

قریبی بستیوں کے لوگ پٹرول جمع کرنے میں مصروف تھے کہ آئل ٹینکر دھماکہ سے پھٹ گیا ،ْقیامت صغریٰ کا منظر نعشیں بری طرح جھلس گئیں ،ْشناخت ممکن نہ رہی ،ْلوگ اپنے پیاروں کی نعشیں تلاش کرتے رہے قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے نزدیک موجود گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی آتشزدگی کے لپیٹ میں آکر خاکستر پولیس اہلکاراور مقامی آبادی کے کچھ افراد لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے ،ْ پٹرول جمع کر نے والوں نے ایک نہ سنی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار ،ْ فوری انکوائری کا حکم ،ْحکام سے رپورٹ طلب

اتوار 25 جون 2017 13:20

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2017ء) احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے درمیان نیشنل ہائی وے پر احمد پور شرقیہ سے 5کلومیٹر دور کار کو بچاتے ہوئے آئل ٹینکر الٹ گیا جسکے بعد قریبی بستیوں کے لوگ پٹرول جمع کرنے میں مصروف تھے کہ آئل ٹینکر دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں130افراد آگ لگنے سے جاں بحق اور 100افراد زخمی ہوگئے ،ْقیامت صغریٰ کا منظر ،ْنعشیں بری طرح جھلس گئیں ،ْشناخت ممکن نہ رہی ،ْلوگ اپنے پیاروں کی نعشیں تلاش کرتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے درمیان نیشنل ہائی وے پر احمد پور شرقیہ سے 5کلومیٹر دور کار کو بچاتے ہوئے آئل ٹینکر الٹنے کی بناء پر موضع رمضان جوئیہ احمد پور شرقیہ کی دو بڑی بستیوں کے لوگ پٹرول جمع کرنے کیلئے بالٹیاں کین مختلف برتنوں سمیت پٹرول جمع کرنے میں مصروف تھے کہ اسی دوران آئل ٹینکر آگ لگنے کی وجہ پھٹ گیا اور پٹرول جمع کرنے والے تقریباً130افراد جھلس کے جاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے زخمیوں کی بڑی تعداد کی حالت انتہائی خراب ہے ،ْجائے حادثہ سے قریب احمد پور ہسپتال اور 40کلومیٹر دور بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں برننگ یونٹ نہ ہونے کی وجہ سے فوری طور پر مناسب علاج معالجہ کی سہولت موجود نہیں ،ْ آرمی چیف اور کورکمانڈر بہاولپور کی ہدایت پر آرمی کے جوان بھی موقع پر ریسکیو کیلئے پہنچے اوروکٹوریہ ہسپتال سے ایک آرمی ہیلی کوپٹر کے ذریعے مریضوں کو ملتان ہسپتال منتقل کیاگیا آئل ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ سے درجنوں موٹر سائیکل اور گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں ذرائع کے مطابق جا ںبحق ہونے والوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے بغیر نا ممکن ہے ،ْ جائے وقوعہ پر جلی ہوئی نعشیں پڑی تھیں ،ْمقامی انتظامیہ اور ریسکیو ذرائع موقع پر پہنچے بعض ورثاء کی جانب سے شناخت کی گئی نعشیں انکے ورثاء کے حوالے کی گئیں جا ں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بیشتر 80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ایک عینی شاہد کے مطابق آئل ٹینکر پھٹتے وقت 200سے 250افراد وہاں موجود تھے ،ْآئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں ،ْفائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔حادثے سے متعلق موٹروے پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے سے قبل اہلکاراور مقامی آبادی کے کچھ افراد لوگوں کو خطرے سے آگاہ کرتے رہے لیکن پیٹرول جمع کرنیوالوں نے ان کی ایک نہ سنی اور پھر وہ ہوا جو کسی قیامت سے کم نہ تھا ۔

ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے بتایا کہ100سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 50کے قریب افراد کو مقابی ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے المناک حادثے میں قیمتی جانوں مے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا اور حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان حکومت پنجاب ، ملک احمد خان نے بتایا کہ حادثے میں100کے قریب افراد زخمی ہیں ، 25سے 30 افراد 80فیصد سے زائد جھلسے ہیں ،ْحادثہ بہت بڑاہے،قریبی تحصیلوں سے بھی عملہ بلوالیا گیا ۔ترجمان نے اعتراف کیا کہ پنجاب کے اکثر ہسپتالوں میں برنز یونٹ ہی نہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی ٰپنجاب کاہیلی کاپٹرزخمیوں کوہسپتال منتقل کرنے کیلئے دیدیاہے۔
وقت اشاعت : 25/06/2017 - 13:20:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :