چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست کے ساتھ پی سی بی آئین کی کاپی لف کرنے کی ہدایت

جمعرات 17 اگست 2017 18:31

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست کے ساتھ پی سی بی آئین کی کاپی لف کرنے کی ہدایت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف کیس میں درخواست گزار کو پی سی بی آئین کی کاپی پٹیشن کے ہمراہ لف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج ( جمعہ ) تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار ناصر اقبال کی وکیل ناہید بیگ نے موقف اختیار کیاکہ نجم سیٹھی کو پی سی بی آئین کے خلاف چیئرمین تعینات کیا گیا،سابق پیٹرن انچیف میاں نواز شریف نے نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کو بطور بورڈ آف گورنر توسیع دی، انہوں نے نوجولائی کو ہی چھ اگست سے بورڈ ممبرز کی نامزدگی کر دی جبکہ چھ اگست سے پہلے سابق چیئرمین شہریار خان کی مدت بھی مکمل نہیں ہوئی تھی اور مدت مکمل ہونے سے پہلے بورڈ ممبران کی نامزدگی نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے مزید موقف اپنایا کہ سابق پیٹرن انچیف نواز شریف جولائی میں بطور وزیر اعظم نااہل ہوگئے اور نااہلی کے بعد نواز شریف کی جانب سے پی سی بی کے بورڈ آف گورنر کی تعیناتی کے لیے جاری احکامات بھی غیر مو ثر ہو چکے ہیں لہٰذا نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کا 6 اگست کے لیے بطور بورڈ آف گورنر نوٹیفکیشن بھی اپنی حیثیت کھو چکا ہے اس لیے نجم سیٹھی کی تعیناتی پی سی بی کے قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا جائے ۔جس پر فاضل عدالت نے درخواست گزار کو پی سی بی آئین کی کاپی پٹیشن کے ہمراہ لف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی ۔
وقت اشاعت : 17/08/2017 - 18:31:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :