ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ملکی کرکٹ کیلئے خوش آئند ہے، وسیم اکرم ،وقار یونس سمیت دیگر کا اظہار خیال

جمعہ 25 اگست 2017 19:28

ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ملکی کرکٹ کیلئے خوش آئند ہے، وسیم اکرم ،وقار یونس سمیت دیگر کا اظہار خیال
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2017ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز کپتان وسیم اکرم ،وقار یونس ،انضمام الحق ،شاہد آفریدی ،معین خان اور رمیض راجہ نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو ملکی کرکٹ کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے ۔سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ یہ بہت خوشی اور دل کو چھولینے والی بات ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ ملک میں واپس آرہی ہے اورمجھے یقین ہے کہ بھاری تعداد میں شائقین ورلڈ الیون کے آنے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہوں گے ۔

اس سے ملکی کرکٹرز کی پرفارمنس میں بہتری آئے گی ۔میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ نوجوان کرکٹرز جب اپنے ہیروز کو قریب سے کھیلتا دیکھیں گے تو کرکٹ میں ان کی دلچسپی اور بڑھے گی ۔مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ دنیائے کرکٹ کے مشہور کرکٹرز پاکستان آنے کے لئے تیار ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے ملک کا مثبت امیج ابھرے گا ۔سابق کپتان و سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حال ہی میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی ہے اور قومی کھلاڑیوں کا حق بنتا تھا کہ وہ ملکی شائقین کرکٹ کے سامنے بھی پرفارم کریں ۔

میں امید کرتا ہوں کہ یہ سیریز کامیاب ہوگی اور اسکے انعقاد سے دیگر غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا حوصلہ ملے گا ۔چیف سلیکٹر و قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کے آنے سے شائقین کرکٹ کو ملک میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو اپنی نظروں کے سامنے کھیلنے کا موقع ملے گا ۔پاکستان کے لئے سنہرا موقع ہے کہ وہ میچز کے دوران دنیا کو دکھائے کہ پاکستان امن سے پیار کرنے والی اور کرکٹ کا جنون رکھنے والا ملک ہے ۔

جسے کسی غلطی کے بغیر انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم کردیا گیا ۔سابق کپتان معین خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں انٹرنیشنل کرکٹ کمیونٹی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے زیادہ کچھ نہیں کیا تاہم خوشی ہے کہ اب ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی ۔مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس سیریز کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سیریز بحال ہوگی بلکہ آئی سی سی کے ایونٹس اور اجلاس بھی ہوں گے ۔

سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لئے بڑی کامیابی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کو پاکستان میں کھیلنے کے لئے آمادہ کرلیا گیا ۔پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے ۔ہم سب کو مثبت قدم اٹھانے پر انٹرنیشنل کرکٹرز ،پی سی بی اور آئی سی سی کا شکریہ ادا کرنا چاہئے اور اس سیریز کے انعقاد کو کامیاب بنانا چاہئے ۔سابق کپتان رمیض راجہ نے کہا کہ اس سیریز کے انعقاد کو سراہا جانا چاہئے اور ورلڈ الیون کے کرکٹرز کو دورہ پاکستان پر اور پی سی بی کو اپنا وعدہ نبھانے پر خراج تحسین پیش کرنا چاہئے ۔یہ پاکستان کرکٹ اور شائقین کے لئے بہت بڑی خبر ہے ۔مجھے امید ہے کہ ہم تینوں میچوں کے دوران قذافی سٹیڈیم کو تماشائیوں سے بھرا دیکھیں گے ۔
وقت اشاعت : 25/08/2017 - 19:28:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :