پی ایس ایل تھری، دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں (آج) آمنے سامنے ہوں گی، میچ کے کامیاب انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات

ہفتہ 24 مارچ 2018 10:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کا فائنل (آج) اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جس میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

پی ایس ایل تھری اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کھیل کی بدولت فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی اب تک کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی، لیگ مرحلے میں بھی اسلام آباد کی ٹیم سات میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر رہی تھی، اسلام آباد نے کوالیفائر ون میچ میں کراچی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پشاور زلمی دو مرحلے عبور کر کے فیصلہ کن معرکے میں پہنچی، دفاعی چیمپئن نے پہلے ایلیمنیٹر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرایا تھا جبکہ ایلیمنیٹر ٹو میں اس نے کراچی کنگز کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی کو ٹائٹل کے کامیاب دفاع کیلئے فیصلہ کن معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا چیلنج درپیش ہو گا، دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی کے کامران اکمل اور حسن علی جبکہ اسلام آباد کے لیوک رونکی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 24/03/2018 - 10:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :