چھٹی انٹر ڈسٹرکٹ ویمنز سافٹ بال چیمپئن شپ اگلے ماہ کراچی میں کھیلی جائے گی، محمد سلیم راجپوت

پیر 17 ستمبر 2018 23:28

چھٹی انٹر ڈسٹرکٹ ویمنز سافٹ بال چیمپئن شپ اگلے ماہ کراچی میں کھیلی جائے گی، محمد سلیم راجپوت
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر محمد سلیم راجپوت نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چھٹی انٹر ڈسٹرکٹ ویمنز سافٹ بال چیمپئن شپ اگلے ماہ کراچی میں کھیلی جائے گی، چیمپئن شپ میں میزبان کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، لاڑکانہ اور شہید بے نظیر آباد کی ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ رواں سال کوئٹہ میں شیڈول 14 ویں نیشنل ویمنز سافٹ بال ویمنز چیمپئن شپ کے لئے سندھ کی ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں اگلے ماہ کراچی میں تربیتی کیمپ بھی لگایا جائے گا جہاں کوالیفائیڈ کوچز کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی جیم خانہ میں سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم، ایس ایس اے کے چیئرمین محمد علی شاہ، جنرل سیکریٹری محمد ذیشان مرچنٹ، فنانس سیکریٹری محمد ناصر، جوائنٹ سیکریٹری مراد حسین، محمد اقبال، فراز اعجاز و دیگر نے شرکت کی۔

ایس ایس اے کے صدر محمد سلیم راجپوت نے کہا کہ انٹر ڈسٹرکٹ سافٹ بال چیمپئن شپ سے صوبے کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں بہت مدد ملتی ہے، گذشتہ سال خیرپور میں کھیلی گئی پانچویں انٹر ڈسٹرکٹ ویمنز سافٹ بال چیمپئن شپ میں کراچی کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ سے بھی کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئی تھیں۔ اس موقع پر چیئرمین محمد علی شاہ نے کہا کہ نیشنل چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سندھ کی کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے لئے فیڈریشن کے توسط سے بیرون ممالک بھیجا جائے گا تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹر ڈسٹرکٹ سافٹ بال ایونٹ کو شاندار انداز میں آرگنائز کرایا جائے گا اور چیمپئن شپ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو رہائش، کھانے، سفری سہولیات سمیت کھیل کے میدان میں ایک مثالی ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ پوری یکسوئی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چیمپئن شپ میں سندھ نے سلور میڈل جیتا تھا، اس بار بھی کوشش ہو گی کہ قومی ایونٹ کے لئے سندھ کی مضبوط ٹیم تیار کی جائے تاکہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے سافٹ بال ایونٹس میں سندھ سے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کی شمولیت یقینی بنائی جا سکے۔
وقت اشاعت : 17/09/2018 - 23:28:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :