بھارت کیخلاف میچ سے قبل سرفرازکو محمد عامر کی فارم پر اظہار تشویش

عامر کو سمجھایا ہے کہ ٹیم ان سے کیا توقع رکھ رہی ہے:سرفراز احمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 ستمبر 2018 12:34

بھارت کیخلاف میچ سے قبل سرفرازکو محمد عامر کی فارم پر اظہار تشویش
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 ستمبر2018ء) ایشیاءکپ میں پاکستانی بالنگ اٹیک کو سخت امتحان کا سامنا ہے کیونکہ دبئی کی نئی وکٹ پر ریورس سوئنگ کا عنصر ناپید دکھائی دیا اور اسی تناظر میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اپنے اہم ترین پیسر محمد عامر کی فارم پر اظہار تشویش کردیا۔ واضح رہے کہ سابق آف سپنر ثقلین مشتاق نے پاکستان کے ہانگ کانگ کیخلاف ابتدائی میچ کو بھارت کیخلاف اہم میچ کیلئے تیاری کا ایک موقع کہنے سے گریز نہیں کیا تھا لیکن قومی کپتان سرفراز احمد یو اے ای کی کنڈیشنز میں ریورس سوئنگ سے محرومی کو خطرے کی گھنٹی قرار دینے سے باز نہیں رہ سکے جنہوں نے گزشتہ روز بھی یہ انکشاف کیا کہ انہوں نے محمد عامر کو بٹھا کر سمجھایا ہے کہ ٹیم ان سے کیا توقعات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ہانگ کانگ کیخلاف پہلے میچ میں وکٹ سے محروم پیسر کو زمبابوے کیخلاف گزشتہ سیریز میں بھی تین میچوں میں صرف ایک وکٹ پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔پاکستانی بالنگ اٹیک کے لیڈر نے دو ہزار سولہ میں کم بیک کے بعد ون ڈے میچوں میں 35 رنز فی وکٹ کے لحاظ سے بالنگ کی اور کسی میچ میں تین سے زائد کھلاڑی آﺅٹ نہیں کر سکے۔ گزشتہ برس چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد محمد عامر نے آٹھ ون ڈے میچوں میں 80 رنز فی وکٹ کے لحاظ سے محض تین کھلاڑی آﺅٹ کئے ہیں حالانکہ انہیں نصف میچز زمبابوے یا ہانگ کانگ کیخلاف کھیلنا پڑے۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بعض اوقات باﺅلر اچھی باﺅلنگ کے باوجود وکٹ نہیں لے پاتا لیکن انہیں امید ہے کہ وہ فارم میں واپس آجائیں گے۔پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ آج بھارت کےخلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، آصف علی، امام الحق، شعیب ملک، شان مسعود، حارث سہیل، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، محمد نواز، جنید خان، عثمان شنواری اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے جبکہ مکی آرتھر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور طلعت علی منیجر ہیں۔
وقت اشاعت : 19/09/2018 - 12:34:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :