ایشیا ءکپ، پاکستان نے بھارت کو جیت کےلئے ہدف دیدیا

شعیب ملک اور سرفراز احمد کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 ستمبر 2018 19:56

ایشیا ءکپ، پاکستان نے بھارت کو جیت کےلئے ہدف دیدیا
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 ستمبر2018ء) ایشیا ءکپ کے سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 238رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کے خلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔

فخر زمان نے کلدیپ یادیو کو ایک چھکا اور ایک چوکا رسید کیا تاہم سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنا توازن کھو بیٹھے اور ایل بی ڈبلیو ہوگئے ،ری پلیز میں نظر آیا کہ گیند نے فخر زمان کے پیڈ پر لگنے سے پہلے گلوز کو چھوا تھا ،15 اوورز کے اندر 2 وکٹیں گر جانے پر پاکستانی کپتان نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی اور سینئر بیٹسمین شعیب ملک کی جگہ خود کھیلنے آئے،اگلے ہی اوور میں بابر اعظم 58 کے مجموعی سکور پر صرف 9 رنز بناکر سرفراز کی غلط کال کے نتیجے میں رن آﺅٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

تین کھلاڑیوں کے جلد آﺅٹ ہونے کےبعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 165 کے مجموعی سکور پر سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔شعیب ملک نے بھی 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ جسپریت بھمراہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے۔

شعیب ملک کے بعد آصف علی اچھے آغاز کے باوجود اپنی اننگز کو آگے لیکر نہ جاسکے اور 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر یزویندرا چاہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے، شاداب خان 10رنز بنا کر بمراہ کی دوسری وکٹ بنے ،گرین شرٹس نے مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں پر 237رنز بنائے ۔ بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو،یزویندرا چاہل اورجسپریت بھمرا نے 2،2وکٹیں اپنے نام کی تاہم دیگر باﺅلرز خاطر خواہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ آغاز اچھا ہو اور بڑا مجموعہ کر کے بھارت کو ہرایا جائے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور آج میچ کے لیے مکمل تیار ہیں اس لیے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں اسی طرح بولنگ کرنی ہے جس طرح کرتے آرہے ہیں۔

بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جب کہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر اور حارث سہیل کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا، قومی ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

بھارتی ٹیم شیکھر دھون، کپتان روہت شرما، امباتی رائیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، کیدر جادیو، روندرا جدیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادیو، یوزویندرا چاہل اور جسپریت بمرا پر مشتمل ہے۔بڑے مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود ہے۔سپر فور مرحلے میں ایشیا کپ کے آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بنگلادیش کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔آج کے اہم میچ میں جس ٹیم نے کامیابی حاصل کی اس کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوجائے گی اور ہارنے والی ٹیم کے لیے اگر مگر کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
وقت اشاعت : 23/09/2018 - 19:56:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :