ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک دن آرام کے بعد کل سپر فور مرحلے میں بھارت کو افغانستان کا چیلنج درپیش ہو گا

پیر 24 ستمبر 2018 11:30

دبئی۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک دن آرام کے بعد (آج) منگل کو سپر فور مرحلے کا ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں بھارت کو افغانستان کا چیلنج درپیش ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رواں ایشیا کپ میں ٹیموں کے درمیان زبردست اور سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، ٹورنامنٹ میں پیر کو کوئی میچ شیڈول نہیں تھا اور آرام کا دن تھا جبکہ کل منگل کو سپر فور مرحلے کا ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گے، بھارتی ٹیم بھرپور فارم میں ہے اور وہ ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے، بھارت ٹیم نے سپر فور مرحلے میں اب تک اپنے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، بھارت نے سپر فور کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب افغانی ٹیم سپر فور مرحلے میں اپنے دونوں میچ ہار کر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ افغانستان کی ٹیم کو پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے 3 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میں اسکو بنگلہ دیش کے ہاتھوں 3 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم افغانی ٹیم سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شکست فاش سے دوچار کر چکی ہے جبکہ اس نے پاکستان کو بھی ٹف ٹائم دیا تھا اور اب اس کا اگلا ہدف بھارت ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے، پاکستانی ٹیم سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا اور آخری میچ 26 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی، واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 24/09/2018 - 11:30:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :