فخر زمان نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو سعید انور کے پاس بھی نہیں

اوپنر کو ابوظہبی ٹیسٹ میں ڈیبیو کروایا گیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 اکتوبر 2018 16:45

فخر زمان نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو سعید انور کے پاس بھی نہیں
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر2018ء) ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے وہ کارنامہ سر انجام دے دیا ہے جو لیجنڈری پاکستانی اوپنر سعید انور بھی نہ کرپائے تھے۔ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم145رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان کے لیے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا،حفیظ6رنز بنا کر سٹارک کا نشانہ بن گئے جس کے بعد فخر زمان اور اظہر علی کے مابین شراکت داری جاری ہے ،اس دوران فخر زمان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں دوسری مرتبہ نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ پاکستان کے پہلے اوپنر بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں یہ اعزاز حاصل کیا ،28سالہ فخر زمان چوتھے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کررکھی ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے اظہر محمود نے 1997ءمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں128ناٹ آﺅٹ اور دوسر ی اننگز میں 50ناٹ آﺅٹ رنز بنائے ، قومی ٹیم کے سابق اوپنر یاسر حمید نے 2003ءمیں بنگلہ دیش کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں170اور دوسری اننگز میں105رنز سکور کیے تھے ، 2009ءمیں قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران عمر اکمل نے ڈیو نیڈن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں129اور دوسری اننگز میں75رنز کی باریاں کھیلیں تھیں ۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ لیجنڈری پاکستانی اوپنر سعید انور 1989ءمیں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف دونوں اننگز میں صفر کی خفت سے دوچار ہوئے تھے ۔ ابوظہبی ٹیسٹ کیلئے قومی سکواڈ سرفراز احمد( کپتان اور وکٹ کیپر)، اسد شفیق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، بابراعظم، فہیم اشرف، بلال آصف، محمد عباس، محمد رضوان، عثمان صلاح الدین، وہاب ریاض، یاسر شاہ، میر حمزہ اور شاداب خان شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم کو اوپننگ بیٹسمین امام الحق کی خدمات حاصل نہیں ہیں ، وہ انگلی کی سرجری کے باعث آخری ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں جسکے بعد فخر زمان کو آسٹریلیا کےخلاف ڈیبیو کرایا گیا ہے جبکہ وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے ، شاداب خان کو 12ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1956ءسے ابتک مجموعی طور پر 63 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے آسٹریلیا نے 31 جیتے جبکہ پاکستانی ٹیم 14 میں کامیاب رہی، 18 میچز ڈرا ہوئے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائےگی۔
فخر زمان نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو سعید انور کے پاس بھی نہیں
وقت اشاعت : 17/10/2018 - 16:45:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :