دوسرا ٹی ٹونٹی : پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان کو سیریز میں ایک ،صفر کی برتری حاصل ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 اکتوبر 2018 19:51

دوسرا ٹی ٹونٹی : پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26اکتوبر2018ء) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں گرین شرٹس اور کینگروز کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔پچھلے میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان نے اس میچ کے لیے ایک تبدیلی کی ہے اور حسین طلعت کی جگہ شعیب ملک آج کے میچ میں شرکت کررہے ہیں ۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم بھی تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پہلے میچ میں شکست کا بدلہ لینے کی سرتوڑ کوشش ہوگی۔ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلوی ٹیم کو آﺅٹ کلاس کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن محفوظ بنائی۔24 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو باآسانی 66 رنز سے شکست دے دی تھی۔

(جاری ہے)

سیریز کا آخری ٹی ٹونٹی میچ 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔ابوظبی میں فخرزمان توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر پائے تھے جس کے بعد ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے بابر اعظم کا محمد حفیظ نے اچھا ساتھ دیا،مگر بعد میں آنے والے بیٹسمینوں نے کریز پر آنے اور واپس جانے کا سلسلہ جاری رکھا، سازگار کنڈیشنز میں مڈل آرڈر کے بعد ٹیل اینڈرز کا بھی ناکام ہونا پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔

حسن علی، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف بھی یواے ای کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ اور حریف کی مہم کمزور بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔دوسری طرف ٹی ٹونٹی کرکٹ کے سٹار پلیئرز مہمان کپتان ایرون فنچ، ڈارسی شارٹ اور کرس لین کے ساتھ جارح مزاج آل راﺅنڈر گلین میکسویل پہلے میچ میں اپنی ناکامی کا ازالہ کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے۔واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 26/10/2018 - 19:51:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :