عالمی سنوکر چیمپئن شپ، عمران شہزاد کی مسلسل دوسری کامیابی، محمد آصف اور بابر مسیح کا مینز کیٹگری میں فاتحانہ آغاز، بلال ابتدائی آزمائش میں ناکام

منگل 20 نومبر 2018 23:37

عالمی سنوکر چیمپئن شپ، عمران شہزاد کی مسلسل دوسری کامیابی، محمد آصف اور بابر مسیح کا مینز کیٹگری میں فاتحانہ آغاز، بلال ابتدائی آزمائش میں ناکام
ینگون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ عمران شہزاد نے ماسٹر کیٹگری میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، محمد آصف اور بابر مسیح نے مینز ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے، محمد بلال کو ابتدائی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق میانمار میں جاری میگا چیمپئن شپ میں منگل کو کھیلے گئے ماسٹر کیٹگری میں پاکستانی کیوئسٹ عمران شہزاد نے گروپ سی کے دوسرے میچ میں حریف ویلز کے کیوئسٹ جیسن ٹکر کو زبردست مقابلے کے بعد 3-2 فریمز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی، عمران نے ابتدائی دونوں فریمز میں ناکامی کے باوجود ہمت نہ ہاری اور مسلسل اگلے تین فریمز جیت کر میچ میں کامیابی اپنے نام کی، عمران کی جیت کا سکور 7-82، 36-50، 80-6، 76-17 اور 75-16 رہا، انہوں نے پہلے میچ میں جاپانی کیوئسٹ کو زیر کیا تھا، عمران شہزاد تیسرے اور آخری گروپ میچ میں آج بدھ کو یو اے ای کے کیوئسٹ کے مدمقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مینز کیٹگری میں گروپ سی میں پاکستانی کیوئسٹ بابر مسیح نے پہلے میچ میں ملائیشین کیوئسٹ کوک لیونگ لم کو 4-2 فریمز سے ہرا کر جاندار انداز سے آغاز کیا، مسیح دوسرے گروپ میچ میں آج بدھ کو آسٹرین کیوئسٹ کے خلاف قسمت آزمائی کریں گے، گروپ بی میں پاکستان کے محمد آصف نے منگولین کیوئسٹ کو 4-2 فریمز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا، آصف کو دوسرے گروپ میچ میں آج بدھ کو آسٹرین کیوئسٹ کا چیلنج درپیش ہو گا۔ گروپ ایف میں پاکستان کے محمد بلال کو ابتدائی میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، انہیں آئرش کیوئسٹ گریگ نے شکست دی۔ بلال دوسرے گروپ میچ میں آج بدھ کو ہانگ کانگ کے کیوئسٹ کے آمنے سامنے ہوں گے۔
وقت اشاعت : 20/11/2018 - 23:37:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :