آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے ہرا دیا، کینگروز کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل، بھارتی ٹیم 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی، دھون کی 76 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، ایڈم زمپا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 21 نومبر 2018 20:00

برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے، بارش کے باعث بھارتی ٹیم کو کامیابی کیلئے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 174 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی، شیکھر دھون کی 76 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، ایڈم زمپا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بدھ کو برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان آسٹریلوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، بارش کی وجہ سے بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت فتح کیلئے 17 اوورز میں 174 رنز کا ہدف ملا، گلین میکسویل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیلی، کرس لین 37، کپتان ایرون فنچ 27 اور ڈی آرسی شارٹ 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مارکس سٹوئنس 33 اور میکڈرموٹ 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

(جاری ہے)

کلدیپ یادیو نے 2 جسپریت بمرا اور خلیل احمد نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز تک محدود رہی، دھون کے سوا بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی کینگروز کے بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، دھون نے ٹیم کو فتح دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم ان کی 76 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی، دنیش کارتھک 30، ریشبھ پانٹ 20، لوکیش راہول 13، روہت شرما 7، کپتان ویرات کوہلی 4 اور کرونل پانڈیا 2 رنز بنا کر چلتے بنے، کلدیپ یادیو 4 اور بھنشور کمار ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، زمپا اور سٹوئنس نے 2، 2 اینڈریو ٹائی، بلی سٹین لیک اور بہرنڈورف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 21/11/2018 - 20:00:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :