کینگرو باﺅلرز کو ویرات کوہلی کو ایک ایک رن کے لیے ترسانا ہوگا: جیسن گلیسپی

بھارتی کپتان پہلے15رنز بنا گئے تو انہیں روکنا مشکل ہوجائیگا : سابق فاسٹ باﺅلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 5 دسمبر 2018 16:23

کینگرو باﺅلرز کو ویرات کوہلی کو ایک ایک رن کے لیے ترسانا ہوگا: جیسن گلیسپی
 ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2018ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ کینگرو باﺅلرز کو بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو ایک ،ایک رن کے لیے ترسانا ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم اس وقت بارڈر گواسکر ٹرافی کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے جہاں وہ کینگروز کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی ۔

آسٹریلیوی سرزمین پر کبھی بھی ٹیسٹ سیریز نہ جیتنے والی بھارتی ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دی جارہی ہے ،بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اس وقت کینگرو فاسٹ باﺅلرز کے ریڈار پر ہیں جنہیں قابو کرکے ہی کینگروز کامیابی کا خواب دیکھ سکیں گے ،کوہلی اب تک73ٹیسٹ میچز 54.57کی اوسط سے6331رنز سکور کرچکے ہیں جن میں24سنچریاں اور 19نصف سنچریاں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

جب سابق آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر جیسن گلیسپی سے ویرات کوہلی کو رنز بنانے سے روکنے کا طریقہ پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کینگرو باﺅلرز کو کوہلی کو ایک ایک رن کے لیے ترسانا ہوگا ، جب بھارتی کپتان بلے بازی کرنے کے لیے کریز پر آئیں تو ہمارے باﺅلرز کو ان پر دباﺅ ڈالنا ہوگا کیوں کہ اگر کوہلی پندرہ، بیس رنز سکور کرنے یا پہلی تیس یا چالیس گیندیں کھیلنے میں کامیاب ہوگئے تو انہیں رنز کرنے سے روکنا انتہائی مشکل ہوجائے گا ۔

یاد رہے کہ ویرات کوہلی کا آسٹریلیوی سر زمین پر ریکارڈ بہت شاندار ہے اور بھارتی کپتان وہاں 62کی اوسط سے 992رنز سکور کرچکے ہیں جن میں5سنچریاں بھی شامل ہیں ، یہ کوہلی کے بھارت کے بعد کسی اور ملک میں بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں ۔یادرہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز6 دسمبر سے ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ کے مقام پر کھیلا جائیگا۔ تیسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2019ءتک سڈنی میں کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 05/12/2018 - 16:23:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :