وسیم خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر تعینات

فروری 2019 میں ایم ڈی پی سی بی کا عہدہ سنبھالیں گے، لیسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے چیف آپریٹنگ آفیسر رہ چکے ہیں، سمیع الحسن برنی کو ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی مقرر وسیم خان کی تعیناتی سلیکشن کے شفاف طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے کی گئی ہے، کرکٹ بورڈ ، چیلنج سمجھتے ہوئے یہ عہدہ قبول کیا ہے، میری جڑیں پاکستان میں ہیں جہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، وسیم خان، وسیم خان اپنے ساتھ نئے آئیڈیاز اور کرکٹ کا علم لائیں گے اور انہیں پی سی بی کی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور حمایت حاصل ہو گی، احسان مانی

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:48

وسیم خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر تعینات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2018ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے وسیم خان کو بورڈ کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کردیا۔47 سالہ وسیم خان لیسٹر شائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے چیف آپریٹنگ آفیسر رہ چکے ہیں اور وہ فروری 2019 کے آغاز میں ایم ڈی پی سی بی کا چارج سنبھال لیں گے۔وسیم خان برطانیہ میں پہلے پاکستانی نڑاد کرکٹر تھے، وہ ڈربی شائر، سسیکس اور واروک شائر کاؤنٹی کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

علاوہ ازیں سمیع الحسن برنی کو ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی مقرر کردیا گیا ہے۔ سمیع برنی اس وقت آئی سی سی میں بطور ہیڈ آف کمیونیکیشنز کام کررہے ہیں۔آئی سی سی سے پہلے بھی سمیع برنی پی سی بی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وسیم خان کی تعیناتی سلیکشن کے شفاف طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کی جانب سے اس عہدے کیلئے اشتہار دئیے جانے کے بعد 350 امیدواروں نے دلچسپی درخواستیں جمع کروائی تھیں۔وسیم خان نے پی سی بی کا منیجنگ ڈائریکٹر بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے چیلنج سمجھتے ہوئے یہ عہدہ قبول کیا ہے۔ میری جڑیں پاکستان میں ہیں جہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور میں اپنے اہل خانہ کیساتھ پاکستان منتقل ہو رہا ہے جس پر ہم سب ہی بہت خوش ہیں۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے بیان میں وسیم خان کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عہدے کیلئے درخواستیں جمع کروانے والے امیدواروں میں متعدد کافی سنجیدہ تھے تاہم انٹرویو کے بعد وسیم خان کو اس اہم عہدے پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وسیم خان اپنے ساتھ نئے آئیڈیاز اور کرکٹ کا علم لائیں گے اور انہیں پی سی بی کی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور حمایت حاصل ہو گی۔۔۔
وقت اشاعت : 06/12/2018 - 22:48:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :