11سال بعد بین الاقوامی کرکٹ پاکستان لوٹ آنے کے لیے تیار

پاکستان کو ایشیا کرکٹ کپ 2020 کی میزبانی مل گئی، میزبانی پاکستان کودینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں ہوا،وینیوز کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصے پہلے کیا جائیگا

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:56

11سال بعد بین الاقوامی کرکٹ پاکستان لوٹ آنے کے لیے تیار
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2018ء) 11سال بعد بین الاقوامی کرکٹ پاکستان لوٹ آنے کے لیے تیار ،پاکستان کو ایشیا کرکٹ کپ 2020 کی میزبانی مل گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سونے اور ویران کھیلوں کے میدان ایک بار پھر آباد ہونے کو تیار ہیں۔پی ایس ایل نے کامیابی سے پاکستان کا اچھا اور پر امن تاثر دنیا کے سامنے پیش کیا تو پاکستان بھی اہم ترین بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔میزبانی پاکستان کودینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسلکے اجلاس میں ہوا۔وینیوز کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصے پہلے کیا جائیگا۔ایشیا کپ ستمبر 2020 میں منعقد کیا جائیگا۔ایشیا کپ 2020 ٹی ٹوینٹی فارمیٹ پرکھیلا جائیگا۔

(جاری ہے)

واضح ہو کہ پاکستان میں 2009 میں سری لنکا ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں کوئی بھی بین الاقوامی ایونٹ نہیں کروایا جاسکا۔

۔خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں اور ایک ٹورنامنٹ 50 اوور اور اگلا 20 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے۔رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 50 اوورز کے فارمیٹ تحت متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ٹورنامنٹ پہلے بھارت میں ہونا تھا تاہم بھارت نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔

اس کے بعد اپریل 2018 میں پاکستان نے بھارت میں جا کر کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے گئی تھی۔ملائیشیا میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف تھا کہ جب بھارت پاکستان کا دورہ نہیں کرتا تو گرین شرٹس بھی بھارت نہیں جا سکتے۔کونسل نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے دی تھی۔اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات بہتر نہیں ہوتے اور بھارت بھی 2020 میں پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔۔
وقت اشاعت : 13/12/2018 - 22:56:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :