ْشائی ہوپ نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین ففٹی بنا کر نیا ملکی ریکارڈ قائم کر دیا

ہوپ نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں 16 گیندوں پر ففٹی بنا کر گیل کا ریکارڈ توڑ دیا

پیر 17 دسمبر 2018 15:40

سلہٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز شائی ہوپ نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین ففٹی بنا کر نیا ملکی ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 16 گیندوں پر 6 چھکوں کی مدد سے ففٹی بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا، انہوں نے ہم وطن بلے باز کرس گیل کا ملک کی طرف سے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا، گیل نے 2015ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف 17 گیندوں پر تیز ترین ففٹی بنا کر ملکی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا، شائی ہوپ نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں تیسری تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے، تیز ترین ففٹی کا عالمی ریکارڈ بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے 2007ء میں انگلینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر ففٹی سکور کی تھی، کیوی بلے باز کولن منرو دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے 2016ء میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 14 گیندوں پر ففٹی بنائی تھی۔

وقت اشاعت : 17/12/2018 - 15:40:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :