وقار یونس ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی حمایت میں سامنے آگئے

مکی آرتھر کھلاڑیوں کے استاد ہیں،کچھ کہہ بھی دیا تو کوئی بات نہیں : سابق کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 29 دسمبر 2018 12:53

وقار یونس ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی حمایت میں سامنے آگئے
سنچورین(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29دسمبر2018ء) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر وقار یونس ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی حمایت میں سامنے آگئے ۔سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں قومی ٹیم کے سابق کوچ کا کہنا تھا کہ ” اگر آپ کیچز نہیں پکڑیں گے تو میچز نہیں جیت سکتے،پاکستانی باﺅلرز نے مجھے کافی متاثر کیا ، کسی کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے کھلاڑیوں پر چیخنے چلانے پر پریشان نہیں ہونا چاہیئے کیوںکہ وہ ان کے کوچ(استاد) ہیں ، اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور آگے بڑھیں، مجھے اب بھی یقین ہے کہ پاکستان ،جنوبی افریقہ کو شکست دے سکتا ہے “۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سنچورین ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم چائے کے وقفے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 100رنز پر پوویلین لوٹی تھی تاہم ا س کے بعد پوری ٹیم محض190رنز پر پوویلین لوٹ گئی ، ایک موقع پر گرین شرٹس نے 11اوورز میں25رنز دے کر5وکٹیں کھوئیں،قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوئے ، اظہر علی بھی کھاتہ کھولے بغیر پوویلین لوٹے جب کہ اسد شفیق 6رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جس نے ٹیل اینڈرز کو جنوبی افریقی پیسرز کے سامنے کر دیا جنہوں نے محض190رنز پر پاکستانی ٹیم کی بساط سمیٹ دی ، ذرائع کا کہنا تھا کہ مکی آرتھرقومی ٹیم کے بلے بازوں جذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر بیٹسمینوں سے شدید جھڑپ ہوئی جس کے بعد معاملہ گالی گلوچ تک پہنچ گیا،مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کر دیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دیں،ذرائع کا کہنا کہ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ جان بوجھ کر غلط شاٹس کھیل کر آﺅٹ ہوئے ہیں، کھلاڑیوں نے اپنی غلطی مان لی لیکن مکی آرتھر اخلاقی حدود عبور کر کے گالی گلوچ پر اتر آئے اور انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا۔

وقت اشاعت : 29/12/2018 - 12:53:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :