41ویں کمشنر نیشنل گولڈ کبڈی چیمپین شپ آج سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میںشروع ہوگی

بدھ 2 جنوری 2019 16:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2019ء) 41ویں کمشنر نیشنل گولڈ کبڈی چیمپین شپ آج جمعرات کے روز سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میںشروع ہوگی جس کے شایا ن شان انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور فول پروف سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے جبکہ بھارت کی کبڈی ٹیم کی پاکستان آمد کے سلسلہ میں ان کے ویزا کے مسائل بھی حل کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث بھارت کی ٹیم آئندہ ایک یا دو روز میں فیصل آباد پہنچے گی جس کا فقید المثال خیر مقدم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر فیصل آباد ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے بدھ کے روز مقامی ہوٹل میں ایونٹ کے حوالے سے منعقد ہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے بتایا کہ چار روزہ 41ویں کمشنر نیشنل گولڈ کبڈی چیمپین شپ کے تمام میچز اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے جبکہ چیمپین شپ کا فائنل میچ 6 جنوری کوکھیلا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ چیمپین شپ میں مجموعی طور پر 15ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں دو انٹرنیشنل ٹیمیں انڈیا اور ایران جبکہ 13ملکی ٹیمیں آرمی ، پی اے ایف ، پنجاب ، بلوچستان ، کے پی کے ، سندھ ، واپڈا ، ایچ ای سی ،سوئی ناردرن گیس ، پی او ایف واہ ،پولیس ،ریلویزاو ر اسلام آباد شامل ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چیمپین شپ کی فاتح ٹیم کو تین لاکھ ، رنر اپ کو دو لاکھ روپے جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے ۔ انہوںنے بتایاکہ اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ افتتاحی اور اختتامی تقریبات وثقافتی میلے کا انعقادبھی کیا جائے جن میں رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جائیں گے ۔

انہوںنے بتایاکہ اس موقع پر عارف لوہار سمیت قومی لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ کمشنر نے مزید بتایاکہ انٹرنیشنل ایونٹ ہونے کی وجہ سے ٹیموں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیف الله ڈوگر، ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد غلام محمود ڈوگر،سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد خان ، سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا محمد سرور ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 02/01/2019 - 16:50:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :