جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ اور سیریز اپنے نام کرلی

میزبان ٹیم نے41رنز کا معمولی ہدف1وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 6 جنوری 2019 14:20

جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ اور سیریز اپنے نام کرلی
کیپ ٹاﺅن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6جنوری2019ء) کیپ ٹاﺅ ن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 9وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے ۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین ایلگر اور ڈی برائن نے 41رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ڈی برائن4رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے ، ہاشم آملا 2رنز پر محمد عامر کی ایک اٹھتی گیند پر زخمی ہوکر میدان سے باہر چلے گئے ، اس سے قبل کیپ ٹاﺅن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 382 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 431 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز بنائے جبکہ ٹیمبا باووما اور کوئنٹن ڈی کوک نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کی طرف سے محمد عامر اور شاہین آفریدی نے 4،4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کی 254 رنز کی بھاری برتری کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔

10 رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر امام الحق ڈیل سٹین کی گیند پر ایلگر کو کیچ تھما بیٹھے، ان کا انفرادی سکور 6 رنز تھا،امام الحق کے بعد تجربہ کار بلے باز اظہر علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور کگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور پاکستانی ٹیم 27رنز پر 2 کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔2 کھلاڑیوں کے جلدی آﺅٹ ہونے کے بعد اسد شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کیا، اسد شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں ون ڈے طرز کی بلے بازی کی اور محض 56 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

اسد شفیق کے بعد شان مسعود نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے ڈیل سٹین کی گیند پر چوکا لگا کر اپنے 50 رن مکمل کیے۔اسد شفیق اور شان مسعود نے تیسری وکٹ کے لیے 132 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کےساتھ ساتھ ٹیم کی پوزیشن کو بھی مستحکم کردیا لیکن اس موقع پر شان مسعود ایک غلط شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 61 رنز بنائے۔

اسد شفیق کا ساتھ دینے بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سکور کو 194 تک پہنچایا ہی تھا کہ 88 رنز بنانےوالے اسد شفیق پہلی اننگز کی طرح ایک بار پھر غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔اسد کے آﺅٹ ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنےکا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا اور دوسرے اینڈ پر موجود بابر اعظم بے بسی سے کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھتے رہے۔

فخر زمان کو اوپننگ پوزیشن سے ہٹا کر چھٹے نمبر پر بھیجنے کا تجربہ بھی کامیاب نہ ہوا اور وہ اپنے روایتی انداز میں گیند کو فضا میں بلند کر کے ربادا کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔کپتان سرفراز احمد کی اننگز بھی 6 رنز پر تمام ہوئی جنہیں وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں پویلین لوٹنا پڑا، عامر اور یاسر شاہ بھی ڈیل سٹین کےلئے آسان شکار ثابت ہوئے۔

بابر اعظم نے گرتی ہوئی وکٹوں کو دیکھتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور ناصرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ 72رنز بنا کر پاکستان کو اننگز کی شکست کی خفت سے بھی بچا لیا۔پاکستان کی پوری ٹیم 294 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کے لیے 41 رنز کا معمولی ہدف دیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین اور کگیسو ربادا نے 4، 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 177رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی۔
وقت اشاعت : 06/01/2019 - 14:20:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :