مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا

ٹیم مینجمنٹ ،بورڈ،کھلاڑی سرفراز کے پیچھے کھڑے ہیں:ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 فروری 2019 12:35

مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8فروری2019ء) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا، کہتے ہیں کہ پوری ٹیم سرفراز احمد کے ساتھ کھڑی ہے ،سرفراز احمد کی بیٹنگ فارم کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں ہے۔ قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر کاکہنا تھا کہ انہیں اب بھی سرفراز احمد پر مکمل اعتماد ہے اور پوری ٹیم اس وقت اپنے کپتان کے پیچھے کھڑی ہے ،سرفراز احمد سے جو ہوا وہ غلط تھا اس نے معافی مانگی اور سزا بھی ہوگئی اب آگے بڑھنا چاہیے،آئی سی سی کی پابندی پر میں بات نہیں کر سکتا ۔

انکا مزید کہنا تھاکہ سرفراز احمد بیٹنگ آرڈر میں اہم کردار ہیں تاہم سرفراز احمد کی بیٹنگ فارم سے انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے ،سرفراز احمد کی بطور وکٹ کیپر شاندار کارکردگی رہی ہے اور انہوں نے 4 ماہ میں صرف ایک کیچ ڈراپ کیا،سرفراز احمد خود مانتے ہیں کہ ان کی بیٹنگ میں بہتری کی گنجائش ہے۔

(جاری ہے)

مکی آرتھر نے کہا کہ بیٹنگ آرڈر میں ضرورت کے مطابق تبدیلی کرنی پڑتی ہے، نوجوان کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، ہمیں ہر طرح کی صورت حال میں اچھا کھیلنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے ساڑھے 4 ماہ مسلسل کرکٹ کھیلی تاہم ٹیسٹ فارمیٹ میں ابھی بہتری کی ضرورت ہے،پی ایس ایل ایک بہترین ایونٹ ہے، جس سے بہت سے اچھے کھلاڑی قومی ٹیم کو مل رہے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا ہے اور اسی لیے ابھی تک کوئی ایشیائی ٹیم وہاں ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے، بابر اعظم نے ہر فارمیٹ میں خود کو منوایا، ورلڈ کپ کے لیے کمبی نیشن بنا رہے ہیں، اس حوالے سے چیف سلیکٹر کے ساتھ مشاورت میں ہیں،ورلڈ کپ کے بارے میں انضمام الحق اور میں بہت سے معاملات پر متفق ہیں۔مکی آرتھر کا مزیدکہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں مائنڈ بنائیں گے کہ کیسے ورلڈکپ میں جانا ہے، انگلینڈ کے خلاف سیریز والے 15 کھلاڑی ہی ورلڈ کپ میں جائیں گے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ ڈریسنگ روم میں جو ہوتا ہے اسے ڈریسنگ روم میں ہی رہنا چاہیے، میرا کھلاڑیوں کو کچھ کہنا ٹیم کی بہتری کے لیے ہوتا ہے،اظہر علی اور اسد شفیق کے ساتھ تعلقات پہلے جیسے ہیں ، دونوں کھلاڑی پاکستان کے لیے بڑی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 08/02/2019 - 12:35:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :