سرفراز احمد کو برقرار رکھنا پی سی بی کا درست فیصلہ ہے :جاوید میانداد

پاکستان کرکٹ ٹیم کو قیادت کے شعبے میں بہت زیادہ آپشنز دستیاب نہیں:سابق قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 فروری 2019 13:05

سرفراز احمد کو برقرار رکھنا پی سی بی کا درست فیصلہ ہے :جاوید میانداد
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 فروری 2019ء) سابق قومی کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت کو برقرار رکھنا پی سی بی کا اچھا فیصلہ ہے کیونکہ سرفراز احمد بطور قائد اپنے فرائض کی عمدگی سے انجام دہی کر رہے ہیں۔جاوید میانداد کا قیادت کے منصب کیلئے سرفراز احمد کو موزوں قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ سرفراز احمد کو پروٹیز آل راﺅنڈر اینڈائیل پھیلوکوایو کیخلاف منفی جملہ ادا نہیں کرنا چاہئے تھا لیکن اس کے باوجود وہ قومی ٹیم کی کپتانی کیلئے موزوں ترین فرد ہیں کیونکہ ان جیسی اہلیت کا مالک کوئی اور امیدوار اس وقت موجود نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے جو غلطی ہوئی اس کی سزا بھی انہوں نے بھگت لی تاہم اس واقعے کو بنیاد بنا کر انہیں قیادت سے علیحدہ کرنا کوئی درست اقدام نہ ہوتا کیونکہ کپتان کی حیثیت سے اپنا کردار بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ سچائی کے ساتھ دیکھا جائے تو پاکستان کرکٹ ٹیم کو قیادت کے شعبے میں بہت زیادہ آپشنز دستیاب نہیں اور انہیں بھی ایسا کوئی کھلاڑی نظر نہیں آتا جو تادیر اس ٹیم کی قیادت سنبھال سکے لہٰذا فی الوقت سرفراز احمد ہی ایک اہم ترین پلیئر ہیں جن کو قیادت کے منصب پر برقرار رکھتے ہوئے پی سی بی نے بہترین فیصلہ کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی طرح سرفراز احمد کی حمایت کرنے والے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ اب پی سی بی کو مستقبل میں ایسے مشکل حالات سے بچاﺅ کے لیے کپتانی کے متعلق سنجیدگی سے سوچنا چاہئے۔
وقت اشاعت : 12/02/2019 - 13:05:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :