پاکستان کو ایک نیا شعیب اختر مل گیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مارچ 2019 18:51

پاکستان کو ایک نیا شعیب اختر مل گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ2019ء) پاکستان کو ایک نیا شعیب اختر مل گیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو شعیب اختر کے بعد ایک اور اسپیڈ اسٹار مل گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے سیزن 4 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے محمد حسنین نے اپنی رفتار سے سب کو متاثر کیا ہے۔

محمد حسنین پی ایس ایل 4 کی سب سے تیز ترین گیند کروانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ اسی باعث اب انہیں آسٹریلیا کیخلاف ایک روزہ سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ،شعیب ملک ٹیم کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 22مارچ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو آرام دیا گیا ہے جن کی جگہ شعیب ملک قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔آسٹریلیا کے خلاف اسکواڈ میں بلے باز عابد علی جگہ بنانے میں کامیاب رہے اور سرفراز احمد کی غیرموجودگی میں وکٹ کیپنگ کے فرائض محمد رضوان انجام دیں گے۔اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ سرفراز احمد، بابر اعظم، فخر زمان، شاہین آفریدی، شاداب خان اور حسن علی کو آرام دیا گیا ہے جبکہ حسین طلعت کو ڈراپ کیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ ورلڈ کپ قریب ہے اور اس سے قبل آسٹریلیا کی سیریز بڑی ہے، اس وجہ سے شعیب ملک کو کپتان بنایا تاہم کسی کھلاڑیوں کو فٹنس کی وجہ سے آرام نہیں دیا۔
وقت اشاعت : 08/03/2019 - 18:51:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :