عثمان خواجہ کی بھارتی ٹیم کیخلاف عمدہ کارکردگی پر میجر جنرل آصف غفور نے کیا پیغام جاری کیا؟ جانئے

پاک فوج کے ترجمان نے پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز کو مبارکباد دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 مارچ 2019 12:34

عثمان خواجہ کی بھارتی ٹیم کیخلاف عمدہ کارکردگی پر میجر جنرل آصف غفور نے کیا پیغام جاری کیا؟ جانئے
موہالی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مارچ 2019ء) آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل میچ موہالی میں کھیلا گیا ،اس میچ میں بھارتی کھلاڑیوں نے تیسرے ون ڈے کی طرح مسلح افواج کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ’فوجی ٹوپیاں‘ نہیں پہنیں مگر بھارتی ناصرف یہ میچ ہار گئے بلکہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ نے انہیں خوب ’مزہ‘ چکھایا۔

عثمان خواجہ بطور اوپنر میدان میں آئے اور ’حسن صدیقی‘ بن کر بھارتی باﺅلرز پرسرجیکل سٹرائیک کر دی تو کچھ غلط نہ ہو گا کیونکہ انہوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے91 گیندوں پر7 چوکوں کی مدد سے91 رنز بنا ڈالے۔تیسرے ون ڈے میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے فوجی ٹوپیاں پہنے جانے پر سوشل میڈیا صارفین نے خوب تنقید کی لیکن آسٹریلیا کی بہترین بلے بازی کے باعث یہ تنقید ”ٹرولنگ“ میں بدل گئی اور میچ کے نتیجے کے بعد اس کی ’شدت‘ میں مزید اضافہ ہو گیا مگر پاکستانی اس وقت حیرت کے سمندر میں غوطہ زن ہو گئے جب پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بھی عثمان خواجہ کو عمدہ بیٹنگ پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عثمان خواجہ کی بیٹنگ کرتے ہوئے تصویر شیئر کی اور لکھا ”بہت اچھا کھیلے عثمان خواجہ“۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ پیغام سامنے آنے کے بعد پاکستانیوں نے بھی اسے خوب سراہا اور پھر دل کھول کر میچ، عثمان خواجہ کی عمدہ بیٹنگ اور بھارتی کھلاڑیوں کے بارے میں گفتگو کرتے رہے۔ 
وقت اشاعت : 11/03/2019 - 12:34:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :