محمد حسنین نے ڈیبیو پر وکٹ لیے بغیر ہی آسٹریلوی کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھا دی

عثمان خواجہ بھی پیسر کے گن گانے پر مجبور،کوچنگ سٹاف نے نام ہی ’راکٹ‘ رکھ دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 مارچ 2019 15:13

محمد حسنین نے ڈیبیو پر وکٹ لیے بغیر ہی آسٹریلوی کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھا دی
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26مارچ 2019ء) پی ایس ایل4 کی نئی دریافت محمد حسنین نے ڈیبیو پر وکٹ لیے بغیر ہی دھاک بٹھا دی۔فاسٹ باﺅلر محمد حسنین کا تعلق حیدرآباد سے ہے، انھوں نے صرف 2 فرسٹ کلاس میچز میں حصہ لیا جبکہ ڈومیسٹک سطح پر کوئی بھی ایک روزہ میچ کھیلے بغیر ہی ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو ہوگیا، 2015 ءمیں انڈر 16 ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر سابق کینگرو کپتان سٹیو وا نے انھیں اور شاہین شاہ آفریدی کو ایکشن میں دیکھ کر پیشنگوئی کی تھی کہ دونوں مستقبل میں انٹرنیشنل لیول پر اپنا تاثر چھوڑ سکتے ہیں۔

محمد حسنین نے حالیہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اپنی صلاحیتوں سے کافی متاثر کیا ۔ انھوں نے شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں اپنے ڈیبیو پر آسٹریلیا کے خلاف کوئی وکٹ نہیں لی مگر اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھانے میں ضرور کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

حسنین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی ہی گیند آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ کے کان کے پاس سے گزری، ایک باﺅنسر فنچ کے ہیلمٹ پر پڑا، ان کی تیز رفتار گیندوںنے کینگروز کو سنبھل کر کھیلنے پر مجبور کردیا، محمد حسنین اگرچہ اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے مگر ان کی پرفارمنس اپنے دیگر ساتھی باﺅلرز کے مقابلے میں بہتر رہی۔

ایک انٹر ویو میں عثمان خواجہ نے ان کے بارے میں کہا کہ حسنین کی پیس کافی اچھی اور وہ عمدہ باﺅلر دکھائی دیتا ہے، آپکو ان جیسے باﺅلرز کا احترام کرنا پڑتا ہے۔واضح رہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی ورلڈ کپ کیلئے حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ایک اور تیز باﺅلر کی تلاش میں ہیں اور حسنین کے حوالے سے حتمی فیصلہ انکی اگلے میچز میں کارکردگی کی بنیاد پرکیا جاسکتا ہے۔ کوچنگ سٹاف نے ان کا نام ہی ’راکٹ‘ رکھ دیا ہے۔
وقت اشاعت : 26/03/2019 - 15:13:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :