سری لنکا میں دھماکہ: پاکستان انڈر19ٹیم کا دورہ مشکلات کا شکار ہوگیا

دورہ میزبان کرکٹ بورڈ اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا، ترجمان پی سی بی

پیر 22 اپریل 2019 21:01

سری لنکا میں دھماکہ: پاکستان انڈر19ٹیم کا دورہ مشکلات کا شکار ہوگیا
ً لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2019ء) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا بھی مشکلات کا شکار ہوگیا۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا، ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق انھوں نے قومی انڈر19 ٹیم کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے کہا کہ یہ دورہ میزبان کرکٹ بورڈ اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ دھماکوں کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے، تاہم سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کے بعد ہی قومی انڈر 19 ٹیم کو سری لنکا بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا، ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ دورہ سری لنکا سے متعلق ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں، خیال رہے کہ پاکستان کی انڈر 19 ٹیم 30 اپریل کو سری لنکا روانہ ہوگی جہاں وہ 2 چار روزہ جبکہ 3 ایک روزہ میچز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم سری لنکا کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف 3 مئی سے 6 مئی تک گال میں پہلا 4 روزہ میچ جبکہ 9 سے 12 مئی تک ہمبنٹوٹا میں دوسرا 4 روزہ میچ کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچزپر مشتمل ایک روزہ میچزکی سیریزکا پہلا مقابلہ 15 اور دوسرا 17 مئی کو ہمبنٹوٹا جبکہ تیسرا میچ 20 مئی کوگال میں کھیلا جائیگا۔یاد رہے کہ اتوار21 اپریل کی صبح کولمبو میں یکے بعد دیگرے 8 بم دھماکوں کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں افراد ہلاک جبکہ اس سے بھی بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے تھے، پاکستان سمیت عالمی دنیا نے ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مرنے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
وقت اشاعت : 22/04/2019 - 21:01:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :