واں آئی سی سی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو اہم میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی، کیوی ٹیم چوتھی فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہو گئی

کیویز نے 242 رنز کا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں پر حاصل کیا، ولیم سن نے ناقابل شکست سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، آملہ اور ڈوسن کی نصف سنچریاں رائیگاں، ولیمسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

جمعرات 20 جون 2019 11:54

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو اہم میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر چوتھی کامیابی حاصل کرلی، اس فتح کے ساتھ ہی کیویز نے پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔

جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ 137 کے سکور پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد ولیم سن اور گرینڈ ہوم نے مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 91 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، گرینڈ ہوم 60 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے لیکن ولیم سن ڈٹے رہے، انہوں نے 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پروٹیز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ولیمسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

بدھ کو ورلڈ کپ میں کھیلے گئے 25ویں میچ کو بارش کے باعث 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے کیا لیکن ڈی کوک ابتداء میں ہی 5 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ 111 رنز کے مجموعی اسکور پر ہاشم آملہ بھی 55 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

اہم وکٹیں گنوانے کے بعد وین ڈر ڈوسن، مارکرام اور ڈیوڈ ملر نے بلیک کیپس کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی تاہم مقررہ 49 اوورز میں پروٹیز 6 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنا سکے۔ پروٹیز کی جانب سے ڈوسن 67 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ ہاشم آملہ نے 55، مارکرام نے 38 اور ملر نے 36 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فیروگسن نے 3، ٹرینٹ بولٹ، گرینڈ ہوم اور مچل سینٹنر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے آغاز کیا لیکن ابتداء میں ہی کیویز کو نقصان اٹھانا پڑا اور منرو 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ گپٹل بھی 35 رنز بناکر فیلکووائیو کی گیند پر آئوٹ ہوگئے اور ٹیلر اور لیتھم ایک، ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔ جیمز نیشم 23 رنز بناکر مورس کا شکار بنے، اس کے بعد ولیم سن اور گرینڈ ہوم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور چھٹی وکٹ کے لیی91 رنز کی شراکت بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کے اختتام سے 2 اوورز قبل گرینڈ ہوم 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور میں 6 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے، پہلی گیند پر سینٹنر نے ایک رن لیا جس کے بعد ولیم سن نے چھکا لگا کر میچ برابر کیا اور شاندار سنچری بھی بنائی، اگلی گیند پر ولیم سن نے چوکا لگاکر نیوزی لینڈ کو کامیابی دلائی۔ کیویز نے ہدف مقررہ 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور 4 وکٹوں سے پروٹیز کو شکست دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم سن 106 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ گرینڈ ہوم 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پروٹیز کی جانب سے مورس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وقت اشاعت : 20/06/2019 - 11:54:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :