سیمی فائنل میں شکست، بھارتی ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا فیصلہ

کرکٹ بورڈ نے روی شاستری سمیت تمام سپورٹ سٹاف سے معاہدے ختم کر دیئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 جولائی 2019 15:37

سیمی فائنل میں شکست، بھارتی ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا فیصلہ
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جولائی 2019ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019ءکے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے روی شاستری سمیت تمام سپورٹ سٹاف سے معاہدے ختم کر دیئے، جبکہ نئے ٹیم سپورٹ سٹاف کے لیے درخواستیں طلب کر لیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، باﺅلنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، انتظامی منیجر اور فزیو تھراپسٹ کے لیے درخواستیں طلب کر لیں۔

موجودہ کوچنگ سٹاف ریکروٹمنٹ پراسیس میں براہ راست شامل ہو گا۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ادھربھارتی میڈیا نے کرکٹ بورڈ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے فائنل فور مرحلے میں شکست کے بعد بی سی سی آئی نے کپتان ویرات کوہلی کو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے، بھارتی ٹیم کے اپنے ملک پہنچتے ہی کپتان اور کوچ کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑےگا۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر بتایا کہ اگلے ورلڈ کپ کیلئے حکمت عملی بنانے کا یہ صحیح وقت ہے اور یہی وہ وقت ہے کہ ٹیم کی باگ ڈور اوپننگ بلے باز روہت شرما کے ہاتھوں میں دےدی جائے کیونکہ وہ بہترین متبادل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویرات کوہلی سے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی کپتانی لےکر یہ منصب روہت شرما کے حوالے کیے جانےکا امکان ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کے پاس ہی رہے گی۔

افسر نے مزید بتایا کہ سب سے بڑا مسئلہ ان افواہوں کا جائزہ لینا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان ورلڈ کپ میں دوریاں پیدا ہوگئی تھیں۔ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کی موجودگی میں کوچ روسی شاستری، چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد اور کپتان ویرات کوہلی سے ان معاملات پر بھی بات کی جائے گی۔
وقت اشاعت : 16/07/2019 - 15:37:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :