پاکستانی ٹیم ایشین مینز والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ایران روانہ

بدھ 11 ستمبر 2019 14:01

پاکستانی ٹیم ایشین مینز والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے ایران روانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) 19 رکنی پاکستانی ٹیم ایشین مینز والی بال چیمپئن شپ میںشرکت کیلئے بدھ کو اسلام آباد ائیر پورٹ سے ایران کیلئے روانہ ہوگئی۔ چیمپئن شپ (آج) جمعرات ایران کے شہر تہران میں شروع ہوگی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری شاہ نعیم ظفر نے اے پی پی کو بتایا کہ قومی ٹیم 13 کھلاڑیوں اور 6 آفیشلز پر مشتمل ہے۔

ایونٹ میں پاکستان کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے۔ ان کے ساتھ جنوبی کوریا، انڈونیشیا اور کویت شامل ہیں۔ میزبان ایران، قطر، سری لنکا اور آسٹریلیا کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن جاپان، چائنیز تائپے، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ شامل ہیں جبکہ چین، قازخستان، بھارت اور عمان کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم 13 ستمبر کو اپنا پہلا میچ چار مرتبہ کے چیمپئن جنوبی کوریا کے خلاف کھیلے گی۔

دوسرا میچ 14 ستمبر کو انڈونیشیا جبکہ تیسرا میچ 15 ستمبر کو کویت کے خلاف کھیلے گی۔ نعیم ظفر نے کہا کہ ان کے گروپ کی ٹیمیں زیادہ مضبوط نہیں ہیں اور ہمارے دوسرے رائونڈ میں کوالیفائنگ کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ایونٹ کیلئے کورین کوچ کی نگرانی میں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل کی ہے۔

سیکرٹری نے کہا کہ قومی ٹیم سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ان سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے ۔ ایونٹ کیلئے 13 کھلاڑی اور 6 آفیشلز جائیں گے ۔ کھلاڑیوں میں کپتان ایمل خان، آصف، کاشف، مبشر، فاخر، شیراز، ادریس، بلال خان، نصیر، ظہیر، حیدر ، عثمان فریاد اور مراد جہان شامل ہیں جبکہ آفیشلز میں سہیل تاج (سکواڈ کے سربراہ) ، کوچ کم یونگ ہن، اسسٹنٹ کوچ سعید احمد اور فضل احمد، ٹرینر اکبر علی اور ریفری عبیداللہ شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 11/09/2019 - 14:01:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :