آخری ون ڈے میں کم بیک کریں گے: سری لنکن کپتان پرعزم

پاکستان کیخلاف دوسرے ون ڈے میں شکست کے باوجود وہ ٹیم کی پرفارمنس سے مثبت باتیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے: لاہیرو تھریمانے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 1 اکتوبر 2019 19:38

آخری ون ڈے میں کم بیک کریں گے: سری لنکن کپتان پرعزم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اکتوبر2019ء) سری لنکن کپتان نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ آخری ون ڈے میں سری لنکا کم بیک کرے گا۔ لاہیرو تھریمانے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف دوسرے ون ڈے میں شکست کے باوجود وہ ٹیم کی پرفارمنس سے مثبت باتیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سری لنکن ٹیم کا سو فیصد کھیل نہیں تھا، ٹیم اس سے بہتر کرسکتی ہے اور امید ہے کہ آخری ون ڈے میں سری لنکا کی ٹیم کم بیک کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم ابتدائی دس اوورز میں اچھا نہیں کھیل سکی اور وہیں میچ ان کے ہاتھ سے نکلا، مجموعی طور پر ان کی ٹیم برا نہیں کھیلی، نوجوان پلیئرز نے ثابت کیا ہے کہ وہ بہتر کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل بدھ کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

میچ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا، پاکستان کو آئی لینڈرز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم کو 67 رنز سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کرینگے جبکہ مہمان سری لنکن ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے سرانجام دیں گے۔

سری لنکن مینز ٹیم 10 سال کے بعد کراچی میں موجود ہے ۔ مہمان ٹیم کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہوٹل میں کسی غیر متعلقہ آدمی کو ملنے کی اجازت نہیں ہے۔ دونوں ٹیموں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، مہمان ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ انکی ٹیم تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز کا اختتام برابری پر کرنا چاہتے ہیں تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لئے تیسرے میچ میں سرتوڑ محنت کرنا ہوگی۔
وقت اشاعت : 01/10/2019 - 19:38:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :