سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف کی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 اکتوبر 2019 13:20

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر2019ء) سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ،ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے 16 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا۔سرفراز احمد کو ٹیم کا کپتان اور بابر اعظم کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ عابد علی، امام الحق اور محمد رضوان کی جگہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں،دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، محمد حسنین ، حارث سہیل ،افتخار احمد، عماد وسیم، محمد نواز ، محمد عامر،شاداب خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض بھی سکواڈ کا حصہ ہیں ،سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں انجری کے باعث امام الحق کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل نہیں کیا گیا،بائیں ہاتھ کے اوپنر انجری کے باعث تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی شرکت نہیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈینگی بخار سے چھٹکارہ پانے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر کو ہوگا۔ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 7 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ تینوں ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے جائینگے اور تینوں میچز نائٹ ہونگے جو برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جائینگے۔ یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم 10 سال کے بعد کراچی آئی ہے۔ مہمان ٹیم کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

وقت اشاعت : 02/10/2019 - 13:20:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :