آئرلینڈ نے 2020 میں دورہ پاکستان کی آس دلادی

جمعرات 10 اکتوبر 2019 14:59

آئرلینڈ نے 2020 میں دورہ پاکستان کی آس دلادی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) پاکستان کے دورے پر آئے آئرلینڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ حکام نے پی سی بی کے عہدیداروں سے ملاقات میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں تعاون کا یقین دلادیا۔کرکٹ آئرلینڈ کے چیئرمین راس میکولم، چیف ایگزیکٹو وارن ڈیوٹرم اور انگلینڈ اینڈویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھا۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی مہمانوں کو سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آفیشلز نے سکیورٹی انتطامات کو تسلی بخش قرار دیا، گرین شرٹس کا جولائی میں دورہ آئرلینڈ پہلے سے ہی شیڈول ہے۔ بورڈ حکام سے ہونے والی اس ملاقات میں آئرش حکام نے اگلے برس پاکستان میں ٹیم بجھوانے کا عندیہ دیتے ہوئے اس بات پراتفاق کیا کہ اس سلسلے میں فیوچر ٹورز پروگرام میں سے کوئی ونڈو تلاش کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر مزید بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے بحالی کے لیے کی جانے والی کوششیں زبردست ہیں۔ اسی طرح اعتماد بڑھتا رہا تو پاکستان میں ایک بارپھر پہلے کی طرح ٹیمیں آکر ضرور کھیلیں گی۔
وقت اشاعت : 10/10/2019 - 14:59:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :