سرفراز سے بدتمیزی کرنےوالے صحافی کا سٹیڈیم میں داخلہ بند

سرفراز نے صحافیوں کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 اکتوبر 2019 12:27

سرفراز سے بدتمیزی کرنےوالے صحافی کا سٹیڈیم میں داخلہ بند
فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اکتوبر 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے بدتمیزی کرنےوالے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا۔گزشتہ دنوں سرفراز احمد نے صحافیوں کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اسد شفیق کو ان کی جگہ کپتان بنایا گیا۔

صحافی نے سرفراز احمد سے پوچھا تھا کہ” آپ نے سری لنکا سے شکست پر قوم کو مایوس کیا، اس بری کارکردگی پر آپکے مستقبل میں میچ دیکھنے کون آئےگا؟“۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے فیصل آباد کے صحافی نے جس انداز میں بدتمیزی کی، اس پر ٹیسٹ وکٹ کیپر سخت ناراض ہیں۔ادھر پی سی بی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صحافی کا ایکریڈیشن کارڈ منسوخ کردیا اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا ہے،کرکٹ بورڈ نے صحافی پر قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے دوران اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ میڈیا کے حوالے سے بورڈ کی پالیسی کلیئر ہے کہ کرکٹرز ہمارے ہیروز اور سٹار ہیں، ان سے سوالات ضرور پوچھے جائیں لیکن کسی کو بدتمیزی یا اخلاقی حدود پار کرنےکی اجازت نہیں دی جائےگی، سوال پوچھنا میڈیا کا حق ہے لیکن کسی کو بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جائےگی۔خیال رہے کہ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 13 اکتوبر سے شروع ہوگیا ہے جو 24 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلا جائےگا، ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی اور رنر اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔یاد رہے کہ سری لنکا نے تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے جس کے بعد سے ہی قومی ٹیم کے کپتان تنقید کی زد میں ہیں۔
وقت اشاعت : 15/10/2019 - 12:27:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :