قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے نویں راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل

ناردرن کے آفاق رحیم کی سنچری، سدرن پنجاب کے خلاف سندھ کو برتری حاصل

جمعہ 15 نومبر 2019 19:52

قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے نویں راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2019ء) نیا ناظم آباد گراوٴنڈ کراچی میں بلوچستان نے ناردرن کے خلاف دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان کے 293 رنز کے جواب میں ناردرن کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر293 رنزبناسکی۔ اوپنر آفاق رحیم نے 103 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرمد بھٹی نے 94 رنز اسکور کیے۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے110 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔بلوچستان کے علی شفیق نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔میچ کے آخری روز بلوچستان کی جانب سے گلریز صدف اور حسیب اعظم کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
دوسری جانب این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں سندھ نے سدرن پنجاب کے خلاف دوسری اننگز میں 68 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ ابھی اس کی دس وکٹیں باقی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل سندھ کے 328 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 272 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔ محمد عمیر کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ محمد عمیر 64 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ سندھ کی جانب سے محمد عمر نے 4 اور عدیل ملک نے 3کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ 56 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 12 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم کردیا گیا۔

آخری روز عماد عالم 8 اور جاہد علی 2 کے انفرادی اسکور سے سندھ کی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
ادھراقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سنٹرل پنجاب نے خیبرپختونخوا کے 290 رنز کے جواب میں1وکٹ کے نقصان پر 107 رنز بنالیے ہیں۔ 3 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز سے اننگز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم کے بلے باز سنٹرل پنجاب کے اسپنر احمد صفی عبداللہ کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 290 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔

احمد صفی عبداللہ نے 6کھلاڑیوں پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں عبداللہ شفیق اور محمد اخلاق پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے سنٹرل پنجاب کو 91 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ عبداللہ شفیق 64 رنزبناکر کریز پر موجود ہیں تاہم محمد اخلاق 34 رنزبناکر پویلین واپس لوٹ چکے۔ علی زریاب 7 رنز کے انفرادی اسکور سے عبداللہ شفیق کے ہمراہ کھیل کے آخری روز کا آغاز کریں گے۔
وقت اشاعت : 15/11/2019 - 19:52:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :