خاتون باﺅلر نے بغیر رن دیئے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

انجلی چاند نے2.1اوورز میں بغیر کوئی رن دیئے مالدیپ کی 6کھلاڑی پوویلین لوٹائیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 دسمبر 2019 11:30

خاتون باﺅلر نے بغیر رن دیئے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا
پوکھارا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3دسمبر 2019ء) نیپالی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی انجلی چاند نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں اننگز میں بہترین باﺅلنگ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔ ساﺅتھ ایشین ویمن گیمز میں کرکٹ چیمپئن شپ مقابلے میں مالدیپ ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کرنیپال کے خلاف پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ، مالدیپ کی اوپنر سجا فاطمہ کھاتہ کھولنے میں بھی ناکام رہیں اور رن آﺅٹ ہوگئیں،ان کے بعد آنے والی سمیا عبدل بھی 6گیندیں کھیلنے کے باوجود ایک بھی رن بنائے بغیر پوویلین واپس لوٹ گئیں،مالدیپ کی کپتان زونا مریم کو انجلی چاند نے 10گیندیں کھیلنے کے باوجود ایک بھی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر پوویلین واپس بھیج دیا ،وکٹ کیپر بلے باز حفصہ عبداللہ محض4رنز بنا کر پوویلین لوٹیں،ان کے بعد آنے والی کسی بھی بلے باز نے ایک بھی رن نہ بنایا اور مالدیپ کی پوری ٹیم10.1اوورز میں محض16رنز بنا کر آل آﺅٹ ہوگئی ، اوپنر حمزہ نیاز9رنز کے ساتھ کامیاب ترین بلے باز رہیں جب کہ مالدیپ کی8کھلاڑیوں نے کھاتہ بھی نہ کھولا ۔

(جاری ہے)

نیپالی ویمن ٹیم کی جانب سے24سالہ انجلی چاند نے2.1اوورز میں بغیر کوئی رن دیئے مالدیپ کی 6کھلاڑی پوویلین لوٹائیں ،یہ مینز یا ویمنز ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی باﺅلر کی بہترین کاوش بنی،انہوں نے آخری تین کھلاڑیوں کو مسلسل تین گیندوں پر آﺅٹ کرکے ہیٹرک بھی مکمل کی،انجلی چاند سے قبل ملائیشیا کی ماس ایلیسا نے جنوری2019ءمیں چین کی ٹیم کےخلاف3رنز دیکر 6شکار کیے تھے جب کہ مردوں میں بھارت کے میڈیم پیسر دیپک چاہر نے 7 رنز دے کر بنگلا دیش کے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ نیپالی ویمن ٹیم نے 17رنز کا ہدف پہلے ہی اوور میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا ۔
وقت اشاعت : 03/12/2019 - 11:30:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :