امریکہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں لیجنڈ باسکٹ بال کھلاڑی کوبے برائنٹ اور ان کی بیٹی سمیت 9 افراد ہلاک

پیر 27 جنوری 2020 23:45

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) امریکہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں باسکٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی کوبے برائنٹ سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں کوبے کی 13 سالہ بیٹی بھی شامل ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 9 افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا، ہلاک ہونے والوں میں باسکٹ بال کھلاڑی کوبے برائنٹ اور ان کی 13 سالہ بیٹی بھی شامل ہیں۔

کوبے برائن کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت پر امریکہ سوگوار ہو گیا۔ کوبے برائنٹ کی ہلاکت کی خبر عالمی میڈیا نے بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کی اور یہ سوشل میڈیا میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ کوبے کی موت پر امریکہ بھر میں باسکٹ بال مقابلوں کے دوران چند لمحوں کی خاموشی اختیار کی گئی، گریمی ایوارڈز کی تقریب میں بھی انہیں یاد کیا گیا، پوپ سٹار لیزو نے اپنی پرفارمنس کوبے برائنٹ کے نام کر دی۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کوبے برائنٹ کی ہلاکت کی خبر کو افسوسناک قرار دیا۔ ٹویٹر پر کہا کہ ان کی بیٹی کی موت نے واقعہ کو مزید المناک بنا دیا ہے۔ سابق امریکی صدر باراک اوباما نے اپنی اہلیہ کی جانب سے برائنٹ فیملی کیلئے افسوس کا اظہار کیا۔ شہرہ آفاق ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے اسے ناقابل یقین خبر قرار دے دیا۔ شہرہ آفاق ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے کہا کہ اچھے دوست کی موت پر ان کا دل غم سے نڈھال ہے۔ کوبے برائنٹ نے دو بار این بی اے میں بہترین سکورنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دو مرتبہ اولمپک چیمپئن بنے، این بی اے میں وہ سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بنے۔ انہیں اپنی نظم پر بنی مختصر دورانیے کی فلم پر 2019ء میں آسکر ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 27/01/2020 - 23:45:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :