بیٹسمین محمد عرفان خان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل پر نظریں جمالیں

منگل 28 جنوری 2020 17:39

بیٹسمین محمد عرفان خان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل پر نظریں جمالیں
لاہور/جوہانسبرگ۔28 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) نوجوان بلے باز محمد عرفان خان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل پر نظریں جمالی ہیں۔محمد عرفان خان نے کہا ہے کہ ایونٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کوارٹرفائنل میں افغانستان کیخلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرینگے، اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی ایونٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

اپنے جاری ایک بیان میں محمد عرفان خان کا مزید کہنا تھا کہ محمد حارث اور قاسم اکرم کی بہترین بیٹنگ اور فاسٹ باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے باعث قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے کوارٹرفائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد حارث، قاسم اکرم اور حیدر علی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں سب سے نمایاں فیلڈر ہیں۔

(جاری ہے)

محمد عرفان خان نے کہا کہ کوچز نے انہیں بیٹنگ آرڈر میں ترقی دے کر جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔

انہوں نے کہاکہ زمباوے کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران وہ محض یہی سوچ رہے تھے کہ اگر کوئی کیچ آیا تو اسے جانے نہیں دینا اور خوش قسمتی سے ان کی فیلڈنگ نے میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔محمد عرفان خان کا کہناتھاکہ جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنا ان کا قدرتی اسٹائل ہے،وہ محدود اوورز کی کرکٹ میں بڑی شاٹس کھیلنا پسند کرتے ہیں اور ان کے فیورٹ کرکٹر شین واٹسن ہیں،مستقبل میں پاکستان سینئر کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرینگے۔اتوار کے روز پوچیف اسٹروم سے جوہانسبرگ پہنچنے والی قومی انڈر 19 ٹیم نے منگل کے روز بھی بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا،2 مرتبہ کی چیمپئن پاکستان انڈر 19 ٹیم افغانستان انڈر19 ٹیم کیخلاف میچ 31 جنوری بروز جمعتہ المبارک کو بینونی میں کھیلے گی۔

میانوالی سے تعلق ر کھنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین محمد عرفان خان گزشتہ چند ماہ سے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مستقل رکن ہیں،دائیں ہاتھ کے بلے باز آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء میں بہترین بیٹنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں۔محمد عرفان نے اس سے قبل قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہمراہ دورہ جنوبی افریقہ میں بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے 7میچوں کی 4 اننگز میں69.33کی اوسط سی208 رنز بنا ئے تھے۔ اس سیریز میں ان کا بہترین اسکور 122 رنز تھا،آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان نے اپنا پہلا میچ اسکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلا تھا۔قومی انڈر 19ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے محمد عرفان خان کو اسکاٹ لینڈکیخلاف میچ میں لوئر مڈل آرڈر پوزیشن سے ترقی دیتے ہوئے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے میدان میں اتارا تھا۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے میچ میں 37 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی،اس میچ میں پاکستان کو 7وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی،محمد عرفان خان ایونٹ کے دوران بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔نوجوان کرکٹراب تک ایونٹ کے تینوں میچز میں شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے سلپ اور 30 یارڈ سرکل میں متعدد کیچز تھام چکے ہیں۔ زمباوے کیخلاف میچ میں محمد عرفان نے محمد حارث کے ہمراہ 41 رنز کی شراکت قائم کی تھی، اس شراکت میں ان کا حصہ 18 گیندوں پر 15 رنز پر مشتمل تھا تاہم محمد عرفان خان میچ کے دوران حریف ٹیم کے کپتان ڈائن مائرز کا عمدہ کیچ تھام کر شہ سرخیوں کی زینت بنے،محمد عرفان تاحال ایونٹ کے 3 میچوں میں 6 کیچز تھام چکے ہیں۔

انہوں نے صرف زمباوے کیخلاف میچ میں ہی تین کیچز پکڑے۔
وقت اشاعت : 28/01/2020 - 17:39:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :