آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ ترین رینکنگ

نیوزی لینڈ نے بھارت کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شکست دیکر ایک درجہ ترقی حاصل کرلی، بھارت بدستور پہلے اور آسٹریلوی ٹیم دوسری پوزیشن پر براجمان

پیر 24 فروری 2020 15:06

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ ترین رینکنگ
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ جاری کر دی ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کو دو میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دیکر ایک درجہ ترقی حاصل کرلی اور یوں کیوی ٹیم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم دوسری اور انگلینڈ کی ٹیم تیسری پوزیشن پر برقرار ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے پروٹیز سے دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے بعد تین درجے ترقی پائی تھی اور پاکستان سے تیسری پوزیشن چھین لی تھی، نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت کی ٹیم مسلسل عمدہ کارکردگی اور مسلسل کے سلسلے کو توڑ دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم سات ٹیسٹ میچز میں کامیابی کی بدولت پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال اگست اور ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا۔ اکتوبر میں جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں شکست دیکر مسلسل سات فتوحات حاصل کی تھیں تاہم رواں ماہ میں اس کو کیویز کے ہاتھوں دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یوں بھارتی ٹیم کی مسلسل فتوحات کے تسلسل کو بھی کیوی ٹیم نے توڑ دیا ہے تاہم اس کے باوجود بھی بھارت کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 360 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

آسٹریلوی ٹیم اب تک 10 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے 7 میچز جیتے، دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا، یوں آسٹریلوی ٹیم ٹیبل پر 296 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 9 میچز کھیل کر 5 میں کامیابی کے بعد 146 پوائنٹس کے ساتھ اپنی تیسری پوزیشن مزید مضبوط کرلی ہے۔ پاکستان کی ٹیم 140 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو شکست دیکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کی ہے اور وہ 120 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور سری لنکن ٹیم 80 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 24 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر برقرار ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں تاہم وہ تاحال کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں ہیں اور دونوں کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے ۔
وقت اشاعت : 24/02/2020 - 15:06:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :