ساتویںآئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں (آج) دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

جمعرات 27 فروری 2020 10:10

کینبرا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آسٹریلیا میں جاری ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں (آج) جمعہ کو دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ گروپ بی میں شامل جنوبی افریقہ اور تھائی لینڈکی ویمن ٹیموں کے درمیان کینبرا میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ بھی گروپ بی کی ٹیموں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کینبرا میں ہی کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ساتواں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 عالمی کپ آسٹریلیا میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں آج جمعہ کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا پہلا میچ گروپ بی میں شامل جنوبی افریقہ اور تھائی لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کینبرا میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقن ویمن ٹیم کی قیادت ڈین وان نیکرک کرینگی جبکہ تھائی لینڈ ویمن ٹیم سرنارین ٹیپوئچ کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

دوسرا میچ بھی گروپ بی کی ٹیموں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کینبرا میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ ٹیم کی قیادت ہیتھر نائٹ کریں گی جبکہ پاکستان خواتین ٹیم کی کمان بسمہ معروف کو سونپی گئی ہے۔ میگا ایونٹ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما ہیں، میزبان ویمن ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے، میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ کے 23 میچز کی میزبانی کینبرا، میلبورن، پرتھ اور سڈنی کو دی گئی ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ میلبورن کرکٹ سٹیڈیم میں ایک لاکھ 24 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے میں میزبان آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، پاکستان اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔

میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ (آج) دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کینبرا کے مقام پر کھیلے گی۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 28 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کینبرا میں کھیلے گی، تیسرا میچ یکم مارچ کو جنویی افریقن ٹیم کے خلاف سڈنی کے مقام پر کھیلے گی جبکہ چوتھے اور آخری میچ میں 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف سڈنی کے مقام پر نبرد آزما ہوگی۔

ہر ٹیم اپنے اپنے گروپ میں چار چار میچز کھیلے گی جس کے بعد دونوں گروپوں سے چار ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کرینگی۔ میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل میچز 5 مارچ کو کھیلے جائیں گے، دونوں میچز سڈنی کرکٹ گرائونڈ پر کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی سطح پر حال ہی میں کامیاب ٹرائلز کے بعد میگا ایونٹ میں پہلی بار فرنٹ فٹ نو بال ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
وقت اشاعت : 27/02/2020 - 10:10:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :