پی ایس ایل5،لاہور قلندرز نےدفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے شکست دیدی

بین ڈنک اور سمیت پٹیل کی شاندار بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 مارچ 2020 22:53

پی ایس ایل5،لاہور قلندرز نےدفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے شکست دیدی
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز نےدفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو37 رنز سے شکست دیکر اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ایونٹ کے 16ویں میچ میں 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو جیسن روئے 12 رنز بنانے کے بعد سمیت پٹیل کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

احسان علی کا وکٹ پر قیام بھی دو رنز تک محدود رہا جب کہ کپتان سرفراز احمد بھی صرف9رنز بنا کر پٹیل کو وکٹ دے بیٹھے۔گلیڈی ایٹرز کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب دلبر حسین کی باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں ان فارم شین واٹسن 23رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو آسان کیچ دے بیٹھے،اعظم خان بھی کچھ اچھا کرنے میں ناکام رہے اور 12رنز بنانے والے بلے باز کی اننگز سلمان ارشاد کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

(جاری ہے)

محمد نواز نے 24رنز کی انگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھانے کی کوشش کی لیکن محمد فیضان نے ان کا کا تمام کر کے اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی،انور علی کی اننگز4رنز تک محدود رہی،محمد فیضان کے خلاف بلند وبالا چھکے لگانے کے بعد بین کٹنگ نے اپنی نصف سنچری بنائی اور اسی رفتار سے بیٹنگ کرنے کی کوشش کے دوران 18 ویں اوور میں 53 رنز کی اننگز مکمل کر کے آؤٹ ہوئے،گلیڈی ایٹرز نے اسکور کو 165 رنز تک پہنچایا تھا کہ فواد احمد13 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 37 رنز سے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے پہلےلاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 36رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فخر زمان ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہو کر صرف 14رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

سکور 49 تک پہنچا ہی تھا کہ محمد حسنین نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے آسٹریلیا سے آئے کرس لین کی اننگز کا خاتمہ کردیا لیکن قلندرز کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب اگلے اوور میں محمد حفیظ پہلی ہی گیند کر شین واٹسن کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔اس کے بعد بین ڈنک اور سمیت پٹیل کی جوڑی وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں نصف سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

بین ڈنک نے نسبتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی نصف سنچری سکور کی اور محمد نواز کو ایک اوور میں 4 چھکے لگائے،ڈنک اور سمیت پٹیل نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی دوسری سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 155رنز جوڑے۔اننگز کے آخری اوور میں سمیت پٹیل 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 71رنز بنا کر کٹنگ کی وکٹ بنے۔

بین ڈنک نے 43گیندوں پر 10چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 93رنز کی اننگز کھیلی اور اننگز کی آخری گیند پر کیچ ہوئے۔قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 209رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وکٹ میں ابتدا میں تھوڑی نمی ہوتی ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور کم سے کم رنز تک محدود کر کے میچ جیتنے کی کوشش کریںگے۔

سرفراز نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور سہیل خان کی جگہ فواد احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور کوشش کریں گے کہ اتدائی 6اوورز میں تیزی سے اسکور کر سکیں۔انکا کہنا تھا کہ ہم اس وکٹ پر 160-170رنز اسکور کرنے کی کوشش کریںگے۔لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور ڈیوڈ ویزے، معاذ خان اور ڈین ویلاس کی جگہ سکیگو پرسنا، محمد فیضان اور بین ڈنک کو سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
وقت اشاعت : 03/03/2020 - 22:53:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :