ڈیل سٹین کے مشوروں پر عمل کر نے سے باولنگ بہتر ہوگئی:رومان رئیس

پاکستان سپر لیگ کی شان ہے اور مزہ بھی ہے کہ اس میں لیجنڈر پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملتا ہے: پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 7 مارچ 2020 13:17

ڈیل سٹین کے مشوروں پر عمل کر نے سے باولنگ بہتر ہوگئی:رومان رئیس
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7مارچ2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں ڈیل سٹین کے ساتھ بولنگ کرانا اعزاز کی بات ہے۔میڈیا سے گفتگو میں رومان رئیس نے کہا کہ ڈیل سٹین کے ساتھ بولنگ کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے، یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ سٹین جیسے لیجنڈ کے ساتھ بولنگ کرانے کا موقع مل رہا ہے۔

28سالہ فاسٹ بولر نے کہا یہی پاکستان سپر لیگ کی شان ہے اور مزہ بھی ہے کہ اس میں لیجنڈر پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملتا ہے۔رومان رئیس نے کہا کہ وہ شروع ہی سے ڈیل سٹین کو فالو کرتے آرہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ پی ایس ایل میں جو موقع ملا ہے اس سے وہ پورا فائدہ اٹھائیں اور جتنا سیکھ سکتے ہیں سیکھیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیل سٹین پی ایس ایل میں ہوں اور ان سے ٹپس نہ لیں تو یہ نا انصافی ہو گی۔

(جاری ہے)

جب رومان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ڈیل سٹین سے کیا ٹپس حاصل کیں تو نوجوان فاسٹ بولر نے بتایا کہ انہوں نے جنوبی افریقی فاسٹ بولر سے لائن لینتھ اور سوئنگ کے حوالے سے پوچھا اور افریقی پیسر نے بتایا کہ کلائی کی پوزیشن کیا ہونی چاہیے، بطور بولر ٹارگیٹ کیا ہونا چاہیے۔رومان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیل سٹین کے مشورے پر عمل کیا اور محسوس ہوا کہ ان کی سوئنگ میں بہتری آئی ہے۔

رومان رئیس کے مطابق ڈیل سٹین نے بتایا کہ اِن سوئنگ کے لیے ٹارگٹ آف سٹمپ کے ٹاپ کو رکھنا چاہیے تاکہ گیند جب فنش ہو تو وہ مڈل اور آف کے اندر ہی فنش ہو۔پاکستان کی جانب سے 9 ایک روز ہ میچز اور 8 ٹی ٹونٹی کھیلنے والے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ سٹین کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر رہے ہیں۔فٹنس مسائل کی وجہ سے تقریبا ایک سال ایکشن سے باہر رہنے والے رومان رئیس نے کہا کہ وہ اب بہتر محسوس کررہے ہیں لیکن انہیں ابھی اور محنت کرنا ہے، خاص طور پر فٹنس کو مزید بہتر کرنیکی ضرورت ہے اور نئے بال پر کنٹرول کو بھی بہتر کرنا ہے۔

وکٹ لینے کے بعد خوشی منانے کے انداز کے حوالے سے رومان نے کہا کہ وہ کبھی بھی وکٹ حاصل کرکے جارح مزاجی کا مظاہرہ نہیں کرتے، ان کے "کول اینڈ کام " سٹائل کو لوگوں نے پسند کیا ہے اور وہ اس ہی انداز سے وکٹ لینے کی خوشی مناتے ہیں۔
وقت اشاعت : 07/03/2020 - 13:17:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :