پی ایس ایل 5، بین ڈنک کے ’ڈنک‘ نے کراچی کنگز کو بےحال کردیا

لاہور قلندرز8 وکٹوں سے کامیاب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 8 مارچ 2020 22:36

پی ایس ایل 5، بین ڈنک کے ’ڈنک‘ نے کراچی کنگز کو بےحال کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)2020ء میں لاہورقلندرز نے کراچی کنگز کو 8وکٹوں سے شکست دیکر تیسری کامیابی حاصل کرلی ۔کراچی کنگز کی جانب سے دیے گئے 188 رنز کے ایک اچھے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندر کے فخر زمان صفر پر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کے لیے مشکلات کھڑی کیں۔محمد حفیظ نے 50 کے مجموعے تک کپتان سہیل اختر کا ساتھ دیا اور 24 گیندوں پر صرف 16 رنز بنا کر عمر خان کو وکٹ دے گئے۔

سہیل اختر نے اپنی اچھی بیٹنگ کو جاری رکھا جس کے لیے انہیں بین ڈنک کا جارحانہ ساتھ رہا اور اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔بین ڈنک نے عمرخان اور کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کے خلاف بلند و بالا چھکے لگائے اور صرف 23 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور دلکش بیٹنگ کی،لاہور قلندرز نےمطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

بین ڈنک نے 4 چوکوں اور 12 چھکوں کی مدد سے 99 اور کپتان سہیل اختر 68 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی کنگز کو اننگز کی ابتدا میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب شرجیل خان صرف پانچ رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے ایلکس ہیلز آئے اور دونوں نے 60رنز کی شراکت قائم کر کے سکور کو 70تک پہنچا دیا، بابر 38رنز بنانے کے بعد نوجوان معاذ خان کو وکٹ دے بیٹھے۔کیمرون ڈیلپورٹ کا وکٹ پر قیام بھی 15رنز تک محدود رہا اور وہ بھی معاذ خان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے جب کہ افتخار احمد کی اننگز بھی رن آؤٹ کے نتیجے میں اختتام کو پہنچی۔

4وکٹیں گرنے کے بعد ہیلز کا ساتھ دینے چیڈوک والٹن آئے جنہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ والٹن نے صرف 20 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45رنز کی باری کھیلنے کے ساتھ ساتھ 39گیندوں پر 93رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 187رنز بنائے۔ ایلکس ہیلز نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 48گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 80رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی طرف سے معاذ خان 2وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔۔ میچ کے لیے لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں اور دلبرحسین کی جگہ عثمان شنواری جب کہ راجہ فرزان کی جگہ معاذ خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔کراچی کنگز نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور مچل میک کلینیگن کی جگہ کیمرون ڈیلپورٹ کو ایک بار پھر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 08/03/2020 - 22:36:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :