پی ایس ایل5، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 151رنز کاہدف دیدیا

سہیل اختر کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 12 مارچ 2020 20:44

پی ایس ایل5، لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 151رنز کاہدف دیدیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 151 رنز کاہدف دیا ہے۔مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا، پچھلے میچ کے مین آف دی میچ فخر اس بار زیادہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 17 رنزبنانے کے بعد عمید آصف کا شکار بنے جس کے بعد کرس لین بھی ان کے پیچھے فوراً ہی پویلین واپس پہنچ گئے، وہ 5 رنز ہی بناسکے،لاہور قلندرز کے خطرناک بلے باز بین ڈنک صرف نو رنز بنانے کے بعد عمید آصف کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

سہیل اختر نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار 68 رنز اسکور کیے جس کے بعد ارشد اقبال نے انہیں ایل بھی ڈبلیو آؤٹ کیا۔لاہور کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑے سَمیت پٹیل تھے جو 133 کے مجموعے پر 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

جارح مزاج بلے بازوں کے وقفے وقفے سے آؤٹ ہونے کے باعث لاہور زیادہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔

محمد حفیظ 35 اور ڈیوڈ ویزے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کی جانب سے عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2، 2 جبکہ کرس جورڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں اورعمرخان، عامر یامین اور کیمرون ڈیلپورٹ کو ٹیم سے باہر کیا گیا ہے جب کہ ارشد اقبال، عمید آصف اور اسامہ میر کراچی کی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔

لاہور کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ہم بھی اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کرتے۔لاہور قلندرز نے اپنے گزشتہ چاروں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور نے کامیابی حاصل کی تھی۔لاہور قلندرز اپنے 8 میچز میں سے 4 میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ کراچی 7 میچ کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے جمعہ سے کراچی میں پی ایس ایل کے میچز شائقین کے بغیر کرانیکا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ کورونا وائرس کے حوالے سے صوبائی حکومت کی ٹاسک فورس کے اجلاس میں لیا گیا۔وزیراعلیٰ کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں شائقین ہوں گے لیکن کل اور دیگر میچز بند سٹیڈیم میں ہوں گے اور شائقین کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ 'ہم میچز کروا رہے ہیں لیکن مزید خطرہ مول نہیں لے سکتے۔
وقت اشاعت : 12/03/2020 - 20:44:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :