سابق صومالی فٹبالر عبدالقادر کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق

عبدالقادرمحمد فراح ان دنوں صومالیہ میں کھیل اور نوجوانوں کے امور کی وزارت میں مشیر کے فرائض انجام دے رہے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 مارچ 2020 13:18

سابق صومالی فٹبالر عبدالقادر کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مارچ2020ء ) سابق افریقی فٹ بالر عبدالقادر محمد فرح کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد خالق حقیقی سے جاملے، ان کی عمر 59 سال تھی۔ گذشتہ ہفتے ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس کے بعد وہ لندن کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ 80 کے عشرے میں وہ صومالیہ کے بہترین فٹ بالرز میں شامل تھے۔ انہوں نے ملکی اور کلب ٹیموں کی جانب سے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ۔

وہ ان دنوں صومالیہ میں کھیل اور نوجوانوں کے امور کی وزارت میں مشیر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ خیال رہے کہ عبدالقارد فرح کورونا سے جاں بحق ہونے والے پہلے افریقی فٹ بالر ہیں۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کا سلسلہ جاری ہے اور جمعہ کے روز اٹلی میں سب سے زیادہ 969 اموات ریکارڈ ہوئیں، اسکے علاوہ سپین میں 769 اموات ہوئیں جس سے عالمی سطح پر وائرس سے ہونیوالی ہلاکتیں 26 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر نوول کورونا وائرس کی نگرانی کرنیوالی ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کی رات 12 بجے تک دنیا میں وائرس کا شکار ہو کر فوت ہونیوالے افراد کی تعداد 26 ہزار 819 تک پہنچ چکی تھی۔ویب سائٹ کے مطابق متاثرین کی تعداد 5 لاکھ 76 ہزار 895 تک پہنچ چکی تھی جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے تھے۔وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک کی بات کی جائے تو امریکا اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں 94 ہزار 238 افراد متاثر ہوئے، اس کے بعد اٹلی 86 ہزار 498، چین 81 ہزار 897، سپین 64 ہزار 59، جرمنی 49 ہزار 344، ایران 32 ہزار 332، فرانس 29 ہزار 593 جبکہ برطانیہ میں 14 ہزار 735 افراد متاثر ہوئے۔
وقت اشاعت : 28/03/2020 - 13:18:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :