کورونا ، نیدر لینڈز اور آئرلینڈ کیخلاف سیریز بھی خدشات کا شکار

سیریز کے بارے میں فیصلہ میزبان ممالک نے ہی کرنا ہے،اسوقت سیریز خدشات کا شکار قرار دینا شاید قبل از وقت : پی سی بی ترجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 اپریل 2020 13:20

کورونا ، نیدر لینڈز اور آئرلینڈ کیخلاف سیریز بھی خدشات کا شکار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2020ء ) کورونا وائرس کے اثرات کے باعث پاکستانی کرکٹ ٹیم کی نیدر لینڈز اور آئر لینڈ کے خلاف سیریز بھی خدشات کا شکار ہو گئی ہیں، پاکستان ٹیم نے جولائی میں سیریز کھیلنی تھیں۔ ‏کورونا وائرس کے کھیلوں کی سرگرمیوں پر گہرے اثرات پڑ رہے ہیں جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں التوا کا شکار ہو رہی ہیں جب کہ یورپ میں وقت سے قبل ہی کھیلوں کی سرگرمیوں کو ملتوی کیا جانے لگا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیدر لینڈز اور آئر لینڈ کے خلاف سیریز بھی خدشات کا شکار ہو گئی ہیں۔ نیدر لینڈ نے تین ون ڈے میچز کے لیے پاکستان ٹیم کی میزبانی کرنا ہے، ون ڈے میچز چار، سات اور نو جولائی کو کھیلے جانے ہیں جب کہ آئر لینڈ میں دو ٹی ٹونٹی میچز بارہ اور چودہ جولائی کو شیڈول ہیں۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی سیریز میں خاصا وقت ہے، نیدر لینڈز اور آئر لینڈ نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز کی میزبانی دونوں ممالک نے کرنا ہے، اس لیے فیصلہ بھی انہوں نے کرنا ہے، اس وقت سیریز خدشات کا شکار قرار دینا شاید قبل از وقت ہے۔                                                                                                   
وقت اشاعت : 01/04/2020 - 13:20:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :