شرجیل خان کی فٹنس پر وقار یونس نے بھی عدم اطمینان ظاہر کر دیا

اوپنر کو پاکستان کے لیے دستیاب ہونا چاہیے مگر انھیں پہلے اپنی فٹنس کو بہتر بنانا ہوگا: باولنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 اپریل 2020 14:14

شرجیل خان کی فٹنس پر وقار یونس نے بھی عدم اطمینان ظاہر کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7اپریل 2020ء ) سپاٹ فکسنگ کے جرم میں سزا یافتہ بیٹسمین شرجیل خان کی فٹنس پر وقار یونس نے بھی عدم اطمینان ظاہر کر دیا، انھوں نے کہا کہ اوپنرکی فٹنس سب کو نظر آرہی ہے، میں نے سب سے پہلے اس امر کی نشاندہی کردی تھی، شرجیل خان ایک اچھے بیٹسمین لیکن سوال یہ ہے کہ آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے وہ موزوں ہوںگے یا نہیں،مجھے حیرت ہے کہ شرجیل خان کو 2 برس ملے مگر انھوں نے اپنی فٹنس کو بہتر نہیں بنایا، انھیں منتخب کرنا سلیکٹرز کا کام ہے، میرا خیال ہے کہ شرجیل کو پاکستان کیلیے دستیاب ہونا چاہیے مگر انھیں پہلے اپنی فٹنس کو بہتر بنانا ہوگا۔

وقار یونس نے واضح کیا کہ استعفے کی بات میری کارکردگی سے منسلک ہے،میں نے ہمیشہ ایسا کہا کہ اگردیکھا کہ اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا تو سبکدوش ہونے کو ترجیح دوں گا، انھوں نے کہا کہ میں ایک ڈیڑھ سال کے بعد جائزہ لوں گا کہ پاکستان ٹیم کیلیے اپنے فرائض درست سمت میں ادا کر رہا ہوں یا نہیں، اگر خود کو ٹیم کے لیے موزوں نہیں سمجھا تو ذمہ داری سے الگ ہو جاؤںگا۔

(جاری ہے)

وقار یونس نے کہا کہ میں پاکستان منتقل ہونیکی کوشش کر رہا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے واپس آسٹریلیا آنا پڑا، حالات بہتر ہوئے تواہلخانہ کیساتھ اپنے وطن واپس آ جاؤںگا، میری کوشش ہے کہ کوئی فلاحی ادارہ بنا کر ملک و قوم کیلیے اپنی ذمہ داری ادا کروں، اس کیلیے جگہ بھی حاصل کرلی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میری اہلیہ ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے موجودہ صورتحال میں فرنٹ لائن پر کام کر رہی ہیں، یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ وہ انسانیت کیلیے خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وقار یونس نے کہا ہے کہ میں کسی شہر کے حوالے سے تعصب نہیں برتتا، کوشش ہوتی ہے کہ وہ کھلاڑی پاکستان ٹیم کا حصہ بنے جو ملک کیلیے بہتر کارکردگی پیش کرسکے۔ انھوں نے کہاکہ سرفراز احمد باصلاحیت کھلاڑی اور ان دنوں سخت محنت کر رہے ہیں، ان کی فٹنس بھی بہتر ہوئی تاہم بدقسمتی سے حالیہ دنوں میں کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی، وہ پاکستان کا سرمایہ ہیں، سرفرازاحمد کی ملک کے لیے گراں قدر خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے دروازے ان پرکھلے اور وہ عمدہ کارکردگی دکھاکر جگہ واپس پا سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 07/04/2020 - 14:14:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :