تین ماہ کا لاک ڈاؤن تمام کرکٹرز کو شرجیل خان جیسا بنا کر رکھ دیگا: راشد لطیف

ہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں کیساتھ سیشنز کرتے رہیں تاکہ ان کی فٹنس برقراررکھی جاسکے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 اپریل 2020 15:16

تین ماہ کا لاک ڈاؤن تمام کرکٹرز کو شرجیل خان جیسا بنا کر رکھ دیگا: راشد لطیف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اپریل 2020ء ) سابق قومی کپتان راشد لطیف کو کورونا وائرس کے باعث گھر بیٹھے کرکٹرز کی فٹنس پر تشویش لاحق ہو گئی ہے جن کا کہنا ہے کہ 3ماہ کا لاک ڈاؤن تمام کرکٹرز کو شرجیل خان جیسا بنا کر رکھ دے گا۔ 51 سالہ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں واضح کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کم و بیش سارا ملک لاک ڈاؤن کا شکار ہے اور دنیا بھر میں کھیل کی سرگرمیاں ختم ہو چکی ہیں لہٰذا اس وقفے کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

پی سی بی نے مناسب انداز سے توجہ نہ دی تو کھیلوں کی سرگرمیوں سے محروم تمام کرکٹرز کی فٹنس کا معیار دو سے 3ماہ کے لاک ڈاؤن میں اوپنر شرجیل خان جیسا ہو جائے گا ۔ راشد لطیف نے سوال اٹھایا کہ پی ایس ایل 2020ء کی عمدہ کارکردگی کے مالک پلیئرز چند ماہ کے بعد کیا اپنی فارم برقرار رکھ سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجویز پیش کی کہ پی سی بی کا میڈیکل پینل زیر معاہدہ کرکٹرز کو لاک ڈاؤن کے دوران ویڈیو لنک پر تواتر کے ساتھ بریف کرے کہ وہ اپنی فٹنس کس طرح برقرار رکھ سکتے ہیں جب کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں کے ساتھ سیشنز کرتے رہیں تاکہ ان کی فٹنس برقراررکھی جاسکے۔

یاد رہے کہ کرونا وائرس کے باعث پی ایس ایل 5 کے پلے آف مرحلے کو منسوخ کرنا پڑا تھا جس کے بعد اب پی سی بی کو لیگ مکمل کروانے کے لیے نئی ونڈو کی تلاش ہے۔
وقت اشاعت : 08/04/2020 - 15:16:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :