ویٹ لفٹنگ کے کھلاڑی اپنی فزیکل فٹنس اور تربیت گھروں میں رہ کر جاری رکھیں، علی اسلم چوہدری

بدھ 22 اپریل 2020 15:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) قومی ویٹ لفٹنگ کوچ علی اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث موجودہ حالات میں ویٹ لفٹنگ کے کھلاڑی اپنی فزیکل فٹنس اور تربیت کو برقرار رکھنے کے لئے گھروں میں ہی تربیت میں مصروف رہیں۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویٹ لفٹنگ کا کھیل انڈور کھیل ہے اور انفرادی طور پر کھلاڑی اپنی تربیت کرتے ہیں اور ہر کھلاڑی کے پاس تربیت کا تھوڑا بہت سامان گھروں میں بھی موجود ہوتا ہے لیکن وہ کمی پوری نہیں ہوسکتی جو عام دنوں میں کھلاڑی کوچز کی زیرنگرانی تربیت حاصل کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پوری دنیا پریشان ہے اور یہ کسی کے بس میں نہیں ہے۔ ہمیں اپنے رب تعالی سے معافی مانگی چاہئے تاکہ رب تعالی ہمیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی پوری دنیا میں پھیلی ہوئی اس وبائی بیماری کی وجہ سے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اور نہ ہی اپنے گھروں والوں کو باہر جانے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس وباء سے جلد نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے قومی کوچ علی اسلم چوہدری نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز، سائوتھ ایشین گیمز کے علاوہ کئی انٹرنیشنل سطح پر ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ برس سائوتھ ایشین گیمز پاکستان میں منعقد ہوں گی جس کی تیاری بھی بہت ضروری ہے اور حکومتی سطح پر بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
وقت اشاعت : 22/04/2020 - 15:01:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :