آسٹریلیا اور بھارت ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی کرانے کے درپے

دونوں ملک پیسے کیلئے یکجا ،لاک ڈاؤن میں مفادات کا کھیل کھیلنے کی تیاریاں ،میگا ایونٹ کو راہ سے ہٹا کر پیسے سے لبریز آسٹریلیا،بھارت سیریز کے انعقاد پر توجہ ،آئی پی ایل کیلئے بھی ممکنہ ونڈو تلاش کرلی جائیگی:ذرائع کا دعویٰ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 مئی 2020 12:12

آسٹریلیا اور بھارت ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی کرانے کے درپے
سڈنی،ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18مئی 2020ء ) لاک ڈاؤن میں مفادات کا کھیل جاری رکھتے ہوئے آسٹریلیا اور بھارت پیسے کی خاطر یکجا ہو گئے اور کورونا وائرس کے باعث غیر یقینی کیفیت سے دوچار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو 2022ء تک ملتوی کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جس کیلئے 28 مئی کو آئی سی سی اجلاس میں دیگر رکن ممالک سے مشاورت کی جا سکتی ہے ،ذرائع کا دعویٰ ہے کہ میگا ایونٹ کو راہ سے ہٹا کر پیسے سے لبریز آسٹریلیا بمقابلہ بھارت سیریز کے انعقاد پر توجہ کی کوشش کے ساتھ ہی آئی پی ایل کیلئے بھی ممکنہ ونڈو تلاش کر لی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے بھارت کے ساتھ مل کر مفادات کا نیا کھیل شروع کردیا ہے اور رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو 2022ء تک ملتوی کرنے کی کوششوں کا آغاز ہو گیا ہے جس کیلئے رواں ماہ کی28تاریخ کو شیڈول آئی سی سی بورڈ اجلاس کے دوران دیگر رکن ممالک کو بھی رضامند کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

اگرچہ تاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر میگا ایونٹ کو ملتوی کر کے آسٹریلیا کو فیور دیا جا رہا ہے لیکن حقیقت صرف یہ ہے کہ آسٹریلیا اور بھارت نے باہمی طور پر ہاتھ ملاتے ہوئے اپنی ٹیسٹ سیریز کیساتھ ہی آئی پی ایل کے انعقاد کیلئے بھی راہیں ہموار کرنیکی منصوبہ بندی کرلی ہے ۔

ذرائع کے مطابق 28 مئی کو آئی سی سی بورڈ اجلاس سے قبل کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ بھی ہونی ہے جس میں کورونا وائرس کے بعد پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کیساتھ ہی بال کو چمکانے کیلئے لعاب اور پسینے کے بجائے کسی بیرونی عنصر کا سہارا لینے پر بھی غور کیا جائیگا۔توقع ہے کہ اجلاس کے دوران آئی سی سی کی ایونٹس کمیٹی کے سربراہ کرس ٹیٹلی ارکان کے سامنے تین آپشنز رکھیں گے جس میں سے پہلا آپشن یہ ہوگا کہ پلیئرز کو 14 روزہ قرنطینہ میں رکھنے کے بعد شائقین کو بھی میدان میں داخلے کی اجازت دے دی جائے جبکہ دوسرا آپشن شائقین کے بغیر خالی میدانوں میں میگا ایونٹ کا انعقاد ہے اور تیسرا آپشن یہ ہوگا کہ ایونٹ کو 2022ء تک ملتوی کردیا جائے ۔

آئی سی سی بورڈ کے ایک رکن نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر آپشنز کیساتھ اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ اجلاس کے دوران گورننگ باڈی کے چیئرمین ششانک منوہر کے عہدے میں دو ماہ کی توسیع پر بھی غور ہوگا لیکن زیادہ تر توجہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی رواں برس قسمت پر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے التوا کی صورت میں پیسے سے لبریز آئی پی ایل کا انعقاد بھی ممکن ہو جائے گا جسے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث فی الحال ونڈو نہیں مل رہی ہے اور میگا ایونٹ کی منتقلی کے باعث بھارتی ٹیم کے پلیئرز آئی پی ایل میں شرکت کے بعد آسٹریلین ٹور پر جا سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 18/05/2020 - 12:12:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :