سابق مسٹر پاکستان باڈی بلڈر یحیی بٹ کورونا کا شکار

کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر 2 روز قبل انکا ٹیسٹ ہوا جسکی رپورٹ پازیٹو آئی ہے، یحیی بٹ ازخود تنہائی میں چلے گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 جون 2020 15:02

سابق مسٹر پاکستان باڈی بلڈر یحیی بٹ کورونا کا شکار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5جون 2020ء ) سابق مسٹر پاکستان باڈی بلڈر یحیی بٹ کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔ کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر دو روز قبل ان کا ٹیسٹ ہوا تھا جس کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے، یحیی بٹ ازخود تنہائی میں چلے گئے ہیں، پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے یحیی بٹ کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ یحیی بٹ پاکستان کا اثاثہ ہیں، ان کی باڈی بلڈنگ کے حوالےسے گراں قدر خدمات ہیں، وزیر کھیل نے عوام سے اپیل کی ہےکہ کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے وہ ماسک کے استعمال کے ساتھ لازمی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں بھی زور پکڑ چکی ہے اور گزشتہ 3 روز سے مسلسل ہزاروں کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد چین سے تجاوز کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

آج مزید 2484 کیسز اور 25 اموات سامنے آنے کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 89 ہزار 249 جبکہ اموات 1838 ہوگئیں۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کو شروع ہوئے 3 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ بھی ہوا جبکہ مئی کا مہینہ اب تک کا بدترین ماہ ثابت ہوا۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کو دیکھا جائے تو 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا جسکے بعد 31 مارچ تک مریضوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد اسی ماہ کے اواخر تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔تاہم اپریل میں عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ ہوا اور اسی ماہ کے اختتام تک متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ اموات بھی بڑھ کر 385 ہوگئی تھیں۔

جس کے بعد مئی کے مہینے میں اس صورتحال میں نیا موڑ آیا اور صرف 31 روز میں 54 ہزار سے زائد کیسز جبکہ 1100 سے اموات کے بعد مجموعی کیسز کی 71 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔اس کے بعد رواں ماہ جون کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں رہا اور گزشتہ 4 روز میں یومیہ 3 سے 4 ہزار کیسز کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔علاوہ ازیں گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک دن میں سب سے زیادہ 20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے۔
وقت اشاعت : 05/06/2020 - 15:02:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :