وسیم خان کا پی سی بی ویلفیئر فنڈ میں ڈیڑھ ملین روپے عطیہ کرنے کا اعلان

وسیم خان کی جانب سے عطیہ دینا قابل ستائش ہے،احسان مانی

ہفتہ 6 جون 2020 23:46

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ تین ماہ اپنے ذاتی اخراجات میں سے ڈیڑھ ملین روپے عطیہ کریں گے۔ جو مالی مسائل سے دوچار سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈز مین کی امداد کے لیے خرچ ہوں گے۔وسیم خان نے رقم عطیہ کرنے کا یہ رضاکارانہ فیصلہ ان سخت حالات میں کھیل کے اسٹیک ہولڈرز کی مدد کے لیے کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا ہے کہ مشکلات میں گھرے ہوئے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈ اسٹاف کی مالی معاونت کرنے کافیصلہ میں نے ذاتی حیثیت میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ میری طرف سے چیئرمین ویلفیئر فنڈ میں ایک چھوٹا سا حصہ ہے جو پہلے ہی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈاسٹاف کی مدد کرنے کے لیے قائم کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

وسیم خان نے کہا کہ میرے خیال میں ایگزیکٹیو ٹیم کے سربراہ کی حیثیت سے مناسب تھاکہ میں ذاتی طور پر آگے بڑھتا اور اس ضمن میں یہ فیصلہ درست ہے۔چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ پی سی بی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ کرنا ماضی میں روایت رہی ہے مگراس کے برعکس ہم نے آئندہ 12 ماہ کے لیے اپنے اخراجات کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف ایک لاکھ روپے یا اس سے کم تنخواہوں والے ملازمین کے معاوضوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ وسیم خان کے اس عمل کی تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیم خان کی جانب سے آگے بڑھ کر مثال قائم کرنا قابل ستائش ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ وسیم خان کے اس عمل سیواضح ہوتا ہے کہ وہ صرف ایک اچھے رہنما ہی نہیں بلکہ وہ سابق و موجودہ کھلاڑیوں اور دیگراسٹیک ہولڈرز کی فلاح و بہبود کا خیال رکھتے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ وسیم خان نے ہمیشہ پاکستان کی کرکٹ سے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بھی اسی کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا مجھے امید ہے کہ وسیم خان کی جانب سے فراخدلی کا یہ مظاہرہ ان مشکل حالات میں ضرورت مند کرکٹرز کی مددکریگا۔
وقت اشاعت : 06/06/2020 - 23:46:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :